نور مقدم قتل کیس ; ملزم ظاہر جعفر کے والدین نے اخبار میں تعزیتی پیغام شائع کروا دیا

سوشل میڈیا صارفین کا اظہار برہمی ، نور مقدم کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے بیٹے کا نام بھی لکھنا چاہئیے تھا۔ صارفین

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 29 جولائی 2021 15:31

نور مقدم قتل کیس ; ملزم ظاہر جعفر کے والدین نے اخبار میں تعزیتی پیغام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2021ء) : نور مقدم قتل کیس میں پولیس کی زیر حراست ملزم ظاہر جعفر کے والدین نے ایک قومی اخبار میں نور مقدم کے اہل خانہ کے لیے تعزیتی پیغام شائع کروا دیا۔ اس پیغام میں کہا گیا کہ ہم نور مقدم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور اس سنگین جُرم کی مذمت کرتے ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہمارے پاس نور کے اہل خانہ اور دوست احباب کو تسلی دینے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔

بحیثیت والدین اس وقت نور کے والدین جس اذیت اور کرب سے گزر رہے ہیں، اُس کا اندازہ بھی مشکل ہے۔ تعزیتی پیغام میں ظاہر جعفر کے والدین کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس مشکل وقت میں نور کے اہل خانہ کے ہمراہ کھڑے ہیں ، ہم اُمید کرتے ہیں کہ اس کیس میں قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

تعزیتی پیغام میں مزید کہا گیا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ نور مقدم کے اہل خانہ کو ان کی بیٹی کے ساتھ کیا جانے والا سنگین جُرم اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کو جھیلنے کا حوصلہ اور ہمت عطا کرے۔

سوشل میڈیا پر ذاکر جعفر اور اُن کی اہلیہ کی جانب سے اخبار میں شائع کروایا گیا یہ تعزیتی پیغام وائرل ہوا تو صارفین نے اظہار برہمی بھی کیا۔ صارفین نے پیغام شائع کرنے پر قومی اخبار کو آڑے ہاتھوں لیا
جبکہ کچھ صارفین نے ظاہر جعفر کے والدین کو ہی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس تعزیتی پیغام میں انہیں اپنے سفاک اور درندہ صفت بیٹے کا نام بھی لکھنا چاہئیے تھا ۔

سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ ظاہر جعفر کے والدین نے بھی اس کا ساتھ دیا ، جو کہ جُرم کے برابر ہے، اس کیس میں تو آنکھ کا بدلہ آنکھ سے ہی لینا چاہئیے کیونکہ طاقتور لوگ کبھی بھی اپنی طاقت کا استعمال کرنے سے باز نہیں آتے۔
سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ ظاہر جعفر کے والدین کو اس پیغام میں یہ بھی کہنا چاہئیے تھا کہ ہم بھی قصور وار ہیں، ہم نے اپنے بیٹے کا ساتھ دیا، ہمارا بیٹا قاتل ہے، ہم شرمندہ ہیں ۔

لیکن ایسا کچھ نہیں کہا گیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ظاہر جعفر کے والدین نے یہ پیغام شائع کروا کر کیا تاثر دینے کی کوشش کی ہے ؟ کیا اُن کے اس پیغام سے انہیں ہمدردی حاصل ہو گی ؟
ایک صارف نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ ظاہر کے والدین ایک طرف نور کے اہل خانہ کے لیے تعزیتی پیغام جاری کر ہے ہیں جبکہ دوسری جان اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے قانونی جنگ بھی لڑ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس پیغام کی اشاعت پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔