کورونا وائرس سے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کا واحد علاج ویکسین اور احتیاط ہے ،سلطان احمد بگٹی

کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنا تب ہی ممکن ہے جب تمام اہل افراد ویکسین لگوالیں،ڈپٹی کمشنر قلات

جمعرات 29 جولائی 2021 23:29

قلات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) ڈپٹی کمشنر قلات سلطان احمد بگٹی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کا واحد علاج ویکسین اور احتیاط ہے۔ کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنا تب ہی ممکن ہے جب تمام اہل افراد ویکسین لگوالیں۔ ویکسینیشن مہم کی کامیابی سے ہی ہم اس وباء سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کے تمام اہل افراد اپنی زمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے اور اپنے پیاروں کی جان بچانے کیلیے ویکسین لگوالیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں جاری ویکسینیشن مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈی ڈی او ایجوکیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سمیت ضلع کے تمام لائنز ڈیپارٹمنٹس کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلات سلطان احمد بگٹی نے تمام ڈیپارٹمنٹس کے زمہ داران سے ویکسینیشن کے حوالے تازہ ترین تفصیلات حاصل کی۔

انہوں نے بعض محکموں کے اہلکاروں کی جانب سے اس حوالے سے غفلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ زمہ داروں کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں جلدی مثبت پیشرفت کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے عملے کو خصوصی طور پر حکم دیا کہ ویکسینیشن کے عمل کو تیز کیا جائے اور تمام عوامی مقامات پر ویکسینیشن کا عمل شروع کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں ویکسینیشن مہم کو موثر انداز میں چلایا جائے۔

بی ایچ یوز اور آر ایچ سی کی سطح پر تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ویکسینیشن کو کامیاب بنایا جائے۔ سلطان احمد بگٹی نے کہا کہ علماء اور قبائلی شخصیات کی خصوصی دل چسپی اور اشتراک اس مہم کی کامیابی کیلیے نہایت ضروری ہے۔ اس سلسلے میں علماء و مشائخ سمیت قبائلی رہنماؤں کو اس سلسلے میں موثر طریقے سے قائل کیاجائے تاکہ عوامی سطح پر عالمی وباء کے خلاف لوگوں میں شعور و آگاہی لائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :