پرائیوٹ گاڑیوں کی فٹنس سر ٹیفکیٹ اور ان کے معائنہ سے متعلق قانونی تقاضوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ انسپکٹر جنرل، ڈاکٹر سید کلیم امام

موٹروے پولیس افسران شاہراؤں پر بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں، علیمہ خان کا نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے 23 ویں ریجنل کمانڈرز کانفرنس سے خطاب

جمعہ 30 جولائی 2021 20:04

پرائیوٹ گاڑیوں کی فٹنس سر ٹیفکیٹ اور ان کے معائنہ سے متعلق قانونی تقاضوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کی زیر صدارت نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے 23 ویں ریجنل کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ کانفرنس میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ریجنل، زونل اور سیکٹر کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کانفرنس کے دوران اہم اٴْمور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے مسافروں کی سفر کو محفوظ بنانے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ترجیحی بنیادوں پر ڈراون ٹیکنالوجی کے حصول اور ان کے استعمال پر توجہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ انہوں نے پرائیویٹ گاڑیوں کی فٹنس، تشخیص اور ان کے معائنہ سے متعلق قانونی تقاضوں کو تیز کرنے کے لئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے لیگل برانچ کو بھی ہدایات جاری کیں۔ آئی جی،ڈاکٹر سید کلیم امام نے ہدایت کی کہ عوام کی ہر شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے پوری کوشش کی جائے۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل نے مزید کہا کہ مسافروں کو بہترین خدمات اور بروقت مدد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے خدمات کے معیار میں مزید اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن 130 میں تعینات ہر شفٹ کے کال ایجنٹوں اور اسٹاف کو روزانہ کی بنیاد نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے منظور شدہ ایس او پیز پر خصوصی بریفنگ دی جائے۔ استعدادی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے موٹروے پولیس کی جانب سے منعقدہ ایک اور خصوصی تقریب کے موقع پر جی سی یونیورسٹی، لاہور کی جانب سے وزٹنگ فیکلٹی علیمہ خان نے این ایچ ایم پی ہیلپ لائن -130 میں تعینات کال ایجنٹوں کی صلاحیت اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ایک تفصیلی لیکچر بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس افسران شاہراہوں پر بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور استعدادی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے منعقدہ ایسے پروگرامز سے ہیلپ لائن 130 کال ایجنٹس کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر انسپکٹر جنرل، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے علیمہ خان کو یادگاری شیلڈ پیش کیا۔