گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جعفریہ الائنس کے 10 رکنی وفد کی گورنر ہائوس میںملاقات

محرم الحرام کے جلوسوں اور اجتماعات کی سیکورٹی کے انتظامات، شہر میں امن و امان کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 2 اگست 2021 22:48

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جعفریہ الائنس کے 10 رکنی وفد کی گورنر ہائوس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جعفریہ الائنس کے 10 رکنی وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے جلوسوں اور اجتماعات کی سیکورٹی کے انتظامات، شہر میں امن و امان کے قیام، پانی و بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور دیگر دلچسپی کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے جعفریہ الائنس کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام دستیاب وسائل کو سوگواروں کی فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے اور محرم/صفر کے جلوسوں اور مجالس کے دوران بلا تعطل بجلی اور پانی کی دستیابی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

گورنر سندھ نے ملک میں کوویڈ 19 وبائی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے علماء اور مجالس/ اجتماعات کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان ایس او پیز پر عمل کرنے میں آپ کا مکمل تعاون چاہتی ہے۔ ہم کمیونٹی میں بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن سمیت احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی اپنے قریبی اور عزیزوں سمیت قیمتی جانیں بچا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر حرف بہ حرف عمل کرکے ہی اس وباء سے بچائو کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ گورنر سندھ نے مجالس اور مجالس کے دوران ایس او پی پر یقینی عملدرآمد کے لیے علماء سے عملی تجاویز اور سفارشات بھی طلب کیں۔ وفد نے گورنر کو اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل جامع سکیورٹی پلان مرتب ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجالس اور جلوس اسلامی مہینے کے آغاز سے شروع ہوتے ہیں اور چہلم تک جاری رہتے ہیں ، اس لیے سیکورٹی پلان کو اسی مناسبت سے تیار کیا جائے۔ گورنر سندھ نے تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ پروایکٹو اقدامات کے تحت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں اور شرپسند عناصر پر مستعدی سے نظر رکھیں۔ گورنر سندھ نے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے علماء / امن کمیٹیوں کو بھی فعال رکھا جائے۔ اسی طرح اراکین اسمبلی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اپنے متعلقہ حلقوں کے اہم افراد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے ساتھ موثر رابطہ قائم رکھیں۔ گورنر سندھ نے محرم الحرام میں بوائز اسکاؤٹس کی خدمات کو بھی سراہا۔ اجلاس میں گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمن کے علاوہ ایم پی اے فردوس شمیم نقوی ، ایم پی اے بلال غفار اور ایم پی اے خرم شیرزمان نے شرکت کی، جبکہ علامہ شہنشاہ حسین نقوی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔