متحدہ عرب امارات کے خلائی مشن نے ایک اور بڑا کارنامہ انجام دے دیا

اماراتی خلائی مشن ’اُمیدِ تحقیق‘ نے مریخ کی سطح کی انتہائی شفاف تصویر بنا لی، جو تحقیق میں انتہائی مددگار ثابت ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 اگست 2021 09:51

متحدہ عرب امارات کے خلائی مشن نے ایک اور بڑا کارنامہ انجام دے دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2021ء) متحدہ عرب امارات نے اُمت مسلمہ کا سر اس وقت فخر سے بلند کر دیا تھا جب دو اماراتی خلا نورد خلائی اسٹیشن تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ امارات کی جانب سے خلائی تحقیق کے لیے مریخ کی جانب بھی ایک خلائی مشن Hope Probe یعنی اُمیدِ تحقیق کے نام سے بھیجا گیا تھا۔ اس خلائی مشن نے ایک شاندار کارنامہ یہ انجام دیا ہے کہ مریخ کی سطح کی انتہائی شفاف تصویر بناکر زمین پر بھجوا دی ہے جو مستقبل میں مریخ کی سطح سے متعلق تحقیق میں انتہائی مددگار ثابت ہو گی۔

اماراتی میڈیا کے مطابق مریخ کی سرخ سطح کی یہ تصویر 1,325 کلومیٹر کی بلندی سے بنائی گئی تھی۔15 مارچ 2021ء کو لی گئی مریخ کی سطح کی یہ تصویر اب خلائی مشن نے اپنے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی جاری کر دی ہے، جسے دُنیا بھر میں اب تک ہزاروں افراد نے لائیک اور شیئر کیا ہے۔

(جاری ہے)

اماراتی خلائی مشن ہوپ پروب 9 فروری کو مریخ کے مدار میں کامیاب سے داخل ہو گیا تھا۔

جس کے بعد اس نے سیارے کے ماحول اور مختلف پرتوں سے متعلق سینکڑوں تصویریں کھینچ کر زمین پر بھجوائی تھیں۔ یہ تصویریں لینے کے لیے انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ کیمروں کا استعمال کیا گیا۔ موجودہ خلائی مشن میں مریخ کی سطح پر برف کی گہرائی اور آکسیجن و کاربن مونو آکسائیڈ کی پیمائش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اس سُرخ سیارے پردرجہ حرارت، آبی بخارات، برفانی دھوئیں اور گرد کی بھی جانچ کی جائے گی۔

امارات خلیجی خطے کا پہلا ملک ہے جس نے خلائی مشن مریخ بھیجا ہے۔ جولائی 2020ء میں ’اُمید تحقیق‘ نے جاپان کے ٹینے گاشیما نامی خلائی مرکز سے اُڑان بھری تھی ۔ سات ماہ میں 48 کروڑ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے بعد امل نامی خلائی گاڑی مریخ کے مدار میں کامیابی سے داخل ہو گئی تھی۔ واضح رہے کہ مریخ میں پہلے بھیجے گئے 60 فیصد مشنز ناکام ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے یہاں کڑا ماحول ہے۔ یہ مشنز جل کر راکھ ہو گئے یا ٹوٹ کر بکھر گئے تھے۔ امارات نے 2117ء میں مریخ پر انسانی آبادی قائم کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ 

متعلقہ عنوان :