تیسری میڈ اِن سعودیہ نمائش کا انعقاد دسمبر میں ریاض میں ہو گا

سرکاری و نجی اداروں کے علاوہ مقامی صنعت کاروں کی بڑی تعداد شریک ہوگی،حکام

ہفتہ 12 جولائی 2025 15:07

تیسری میڈ اِن سعودیہ نمائش کا انعقاد دسمبر میں ریاض میں ہو گا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)سعودی عرب میں مقامی مصنوعات کے فروغ کے لیے تیسری میڈا اِن سعودیہ سالانہ نمائش کا انعقاد رواں سال دسمبر میں ریاض انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں ہو گا۔ رواں سال یہ نمائش یہاں سے دنیا تک کے عنوان کے تحت منعقد کی جائے گی۔ نمائش کا انتظام سعودی ایکسپورٹس ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سعودی برآمدات)کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔

اس میں سرکاری و نجی اداروں کے علاوہ مقامی صنعت کاروں کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔یہ نمائش ایک قومی پلیٹ فارم ہے جو سعودی مصنوعات اور خدمات کو اجاگر کرنے اور ان کی مقامی و بین الاقوامی منڈیوں میں موجودگی مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ مختلف شعبوں کے درمیان صنعتی انضمام اور معیاری شراکت داری کے قیام کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

نمائش سے قبل سعودی برآمدات نے ایک تیاری ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں متعدد صنعت کاروں اور تزویراتی شراکت داروں کو مدعو کیا گیا۔ اس کا مقصد نجی شعبے سے مثر روابط قائم کرنا، شراکت داروں کی تعداد بڑھانا، اور مقامی صنعت کاروں اور برآمد کنندگان کو نمائش میں شرکت کے طریقہ کار اور سپورٹ کے مواقع سے آگاہ کرنا تھا تاکہ صنعتی ہم آہنگی کو فروغ ملے اور باہمی تعاون کی راہیں کھلیں۔