لندن ، رائیونڈ کا بیانیہ یہ ہے انہیں کوئی یقین دہانی کرائے آپ ہی جیتیں گے ،اس سے کم پر راضی نہیں ہونگے‘ ہمایوں اختر

شہباز شریف نے تو مناسب رویہ اختیار کیا ہے لیکن اصل مسئلہ مسلم لیگ (ن) کے اندر پائی جانیوالی تقسیم کا ہے ‘ سینئر مرکزی رہنما

جمعرات 5 اگست 2021 11:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ لندن اور رائے ونڈ کا بیانیہ یہ ہے کہ انہیں کوئی یقین دہانی کرائے کہ آپ ہی جیتیں گے اور وہ اس سے کم پر ہرگز راضی نہیں ہوںگے لیکن ایسا کسی صورت نہیںہوگا،عوام چاہتے ہیں کہ حزب اختلاف والے ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تجاویز دیں نہ کہ اداروں یا کسی سیاسی جماعت پر اپنا غصہ نکالے،شہباز شریف نے تو مناسب رویہ اختیار کیا ہے لیکن اصل مسئلہ مسلم لیگ (ن) کے اندر تقسیم کا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے بل بوتے پر حکمرانی کی اور تین دہائیوں سے شہباز شریف اور ان کے صاحبزاے حمزہ شہباز کی گرفت ہے جبکہ نواز شریف اس کے برعکس اپنی بیٹی اور ان کے بیانیے کو سپورٹ کر رہے ہیں ، مسلم لیگ (ن) میں اس وقت قیادت سنبھالنے کی جنگ عروج پر ہے ۔

(جاری ہے)

اگر انتخابات سے پہلے مسلم لیگ(ن) میں پائی جانے والی تقسیم ختم نہ ہوئی تو اس کے انتہائی سنگین نتائج ہوں گے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ لندن اور رائے ونڈ سے جو بیانیہ لانچ کیا گیا اسے تو عوام میں کوئی پذیرائی نہیں ملی جس کا ثبوت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور حالیہ سیالکوٹ کا ضمنی انتخاب ہے ، انہیں ہر صورت اپنے بیانیے سے دستبردا ر ہونا پڑے گا کیونکہ عوام قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف چاہتے ہیں کہ انتخابات سے پہلے تنازعات کا حل نکالاجائے اورانہوںنے مناسب رویہ بھی اپنایا ہے ۔