اگلے چند ہفتوں تک دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتہا کا رش ہوگا

پاکستان، بھارت سمیت متعدد ممالک پر سے پابندیاں ہٹنے کے بعداگلے چند ہفتوں میں لاکھوں مسافروں کی آمد متوقع ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 اگست 2021 12:22

اگلے چند ہفتوں تک دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتہا کا رش ہوگا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2021ء ) متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارت، پاکستان اور دیگر کئی ممالک کے مسافروں پر عائد سفری پابندی آج سے ختم ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ کئی ممالک کے مسافروں کو ٹرانزٹ ویزہ پر بھی امارات میں مختصر قیام کی اجازت ہو گی۔ پاکستان ، بھارت، نیپال اور سری لنکا میں لاکھوں اماراتی ویزہ ہولڈرز اس وقت پھنسے ہوئے ہیں اور فوری واپسی کے منتظر ہیں۔

اس حوالے سے حکام کوآنے والے ہفتوں میں ایئرپورٹ پر مسافروں کی ٹریفک میں اضافے کی امید ہے۔اُردو نیوز کے مطابق امارات رواں ہفتے پاکستان، نیپال، سری لنکا، انڈیا، نائجیریا اور یوگنڈا کا سفر کرنے والوں پر عائد پابندی بھی اٹھائے گا۔ یہ پابندی ان مسافروں سے ہٹائی جا رہی ہے جن کے پاس امارات کا اقامہ ہے اور جنہوں نے یو اے ای کی جانب سے منظور کردہ ویکسین لگوائی ہو۔

(جاری ہے)

دبئی ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹیو پال گریفتھس نے کہا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل پابندیوں میں نرمی کے بعد آنے والے ہفتوں میں مسافروں کی تعداد میں اضافے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ دبئی ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سے ایک ہے جہاں مسافروں کی بڑی تعداد انڈیا سے سفر کرتی ہے اور امارات کی قومی ایئرلائن کا مرکز ہے۔پال گریفتھس کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا اور نائجیریا سے امارات آنے والے مسافروں پر عائد پابندی میں نرمی سے یو اے ای کا اقامہ رکھنے والے ہزاروں افراد واپس آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ سماجی اور معاشی دونوں لحاظ سے ایک بڑی اور اچھی پیش رفت ہے۔ایسے مسافر جو متحدہ عرب امارات کا سفر کریں گے یا جو یو اے ای کے ایئرپورٹس کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کریں گے ان کے لیے کورونا کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ساتھ لانا لازمی ہے۔دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹریفک میں رواں سال آٹھ فیصد اضافے کی توقع ہے جو دو کروڑ 80 لاکھ تک مسافروں تک پہنچ جائے گی۔ 2019 میں کورونا کی وبا سے قبل دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے آٹھ کروڑ 64 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔