کراچی میں واٹر ٹینکر حادثے میں دو بھائیوں کی ہلاکت ، ذمہ دار ڈرائیور کے انکشافات

ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنا، اس سے پہلے میں نے کوئی ہیوی گاڑی نہیں چلائی، اس گاڑی پر چانس ملا تھا تو آج کل یہ چلا رہا تھا، مجھے دونوں بچوں کی موت پر افسوس ہے۔ بیس سالہ ٹینکر ڈرائیور شکیل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 5 اگست 2021 16:46

کراچی میں واٹر ٹینکر حادثے میں دو بھائیوں کی ہلاکت ، ذمہ دار ڈرائیور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اگست 2021ء) : نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر حادثے میں 2 بھائیوں کی ہلاکت کے ذمہ دار ڈرائیور نے انکشافات کردئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹینکر ڈرائیور نے بتایا کہ میرا نام شکیل اور میری عمر بیس سال ہے۔ ڈرائیور نے انکشاف کیا کہ میرا شناختی کارڈ بنا ہوا ہے لیکن ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنا۔ شکیل کے مطابق اس سے پہلے میں نے کوئی ہیوی گاڑی نہیں چلائی، اس گاڑی پر چانس ملا تھا تو آج کل یہ چلا رہا تھا۔

میں گلی سے ریورس نکل رہا تھا کہ موٹر سائیکل نیچے آ گئی، دونوں بچے ٹینکر کے نیچے گھس گئے تھے، مجھے دونوں بچوں کی موت پر افسوس ہے۔ یاد رہے کہ نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر حادثے میں موٹرسائیکل سوار2 بھائی جاں بحق ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے 20 سالہ واٹرٹینکرڈرائیور کو پکڑا اور بدترین تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حادثہ ڈرائیور شکیل کی انتہائی غفلت کے باعث پیش آیا۔ بڑا بھائی چھوٹے بھائی کو موٹرسائیکل پرمدرسے چھوڑنے جارہا تھا جبکہ عمر ڈرائیور انتہائی تیزی سے ٹینکر ریسورس کر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ گلی میں موٹرسائیکل پر مدرسے جانے والے بھائی ٹینکرکی زد میں آ گئے تھے۔ جاں بحق بھائیوں کی عمر یں 16 اور 5 سال تھیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں پیش آنے والا یہ کوئی پہلا ٹینکر حادثہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی کراچی کے علاقہ نارتھ ناظم آباد میں عرفات ٹاؤن میں واٹر ٹینکر کی زد میں آ کر ایک بچہ جاں بحق ہو گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والا تیرا سالہ بلال گھر سے ناشتہ لینے گیا تھا جو پھر واپس نہیں آیا۔ عرفات ٹاؤن کا رہائشی بلال ماں باپ کا اکلوتا بیٹا تھا۔ بلال نویں جماعت کا طالبعلم تھا۔ حادثے کےبعد واٹر ٹینکر ڈائیور کو اہلِ محلہ نے پکڑ کے پولیس کے حوالے کردیا تھا۔