پاک سرزمین پارٹی کا 24 گھنٹے کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کا مطالبہ

عجیب منطق ہے کہ کورونا ہفتے میں 2 دن آتا ہے اور4 دن نہیں آتا، اگر کراچی والوں نے کاروبار بند کردیا تو پاکستان بھوکا مرجائے گا۔ چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 14 اگست 2021 16:52

پاک سرزمین پارٹی کا 24 گھنٹے کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کا مطالبہ
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2021ء) پاک سرزمین پارٹی نے کراچی میں 24 گھنٹے کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کا مطالبہ کردیا، مصطفی کمال نے کہا کہ اگر کراچی والوں نے کاروبار بند کردیا تو پاکستان بھوکا مرجائے گا، عجیب منطق ہے کہ کورونا ہفتے میں 2 دن آتا ہے اور 4 دن نہیں آتا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ چند خاندانوں کے بچے آکسفورڈ میں جاتے ہیں جبکہ غریبوں کے بچوں کیلئے پیلا سکول بھی نہیں ہے۔

عجیب منطق ہے کہ کورونا کی بھی ٹائمنگ ہے، کورونا ہفتے میں دو دن آتا ہے اور چار دن نہیں آتا، مشکلات کے باوجود تاجر پاکستان زندہ باد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کواعتماد میں لیا جائے اور 24 گھنٹے کام کرنے کی اجازت دی جائے، اگر کراچی والوں نے کاروبار بند کردیا تو پاکستان بھوکا مرجائے گا۔

(جاری ہے)

 دوسری جانب  ملک بھر میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران 73 افراد انتقال کرگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 59 ہزار 136 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4786 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 1,094,699ہوگئی ہے جن میں سے 983,754مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 73افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 24 ہزار 339ہوگئی ہے۔

جب کہ مثبت کیسز کی شرح8.09 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر کے اجلاس میں دنیا بھر میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں بتایا گیا کہ بنگلہ دیش، ایکواڈور، گوئیٹے مالا، انڈونیشیا، ایران، عراق، لبیا ، میکسیکو، مراکش، میانمار، نمیبیا، نیپال، تھائی لینڈ، تیونس اور جنوبی افریقہ کو وباء کے تیز پھیلاؤ، روزانہ کی بنیاد پہ بڑھتے کیسز اور کم ویکسین کی شرح کی بنیاد پہ کیٹیگری سی میں رکھا گیا ۔

اجلاس میں بتایا گیا تمام کیٹیگریز کے ممالک سے آنے والے افراد پہ کورونا ٹیسٹوں کے پروٹوکول لاگو رہیں گے ۔ مختصر دورانیہ کے ویزے پہ کیٹیگری سی ممالک میں سفر کرنے والے پاکستانیوں کو کسی رکاوٹ بغیر واپس سفر کی اجازت ہو گی ۔ کیٹیگری سی میں موجود ممالک کے علاوہ تمام ممالک کو کیٹیگری بی میں رکھا گیا ہے ۔ نظر ثانی شدہ فہرست کو تمام تر متعلقہ پروٹوکولز کے ساتھ فوری نافذ العمل کر دیا گیا ہے ۔ اجلاس میں بتایا گیا۔5 ستمبر2021 کو اس پالیسی پہ نظرثانی کی جائے گی۔