Live Updates

جنید صفدر کی شادی سے پہلے نوازشریف کی وائرل تصاویر کی حقیقت سامنے آگئی

یہ تصاویر نواز شریف کی نواسی مہرالنساء کی 2015ء میں ہونے والی شادی کے موقع پر لی گئیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 اگست 2021 13:04

جنید صفدر کی شادی سے پہلے نوازشریف کی وائرل تصاویر کی حقیقت سامنے آگئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 اگست 2021ء )  پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی سے پہلے نوازشریف کی وائرل تصاویر کی حقیقت بھی سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی سے ایک روز قبل سوشل میڈیا پر ان کے بیٹے جنید صفدر اور والد نواز شریف کی پرانی تصاویر وائرل ہوگئیں ، سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصاویر میں جنید صفدر نے گلابی رنگ کی پگڑی سر پر باندھی ہوئی ہے جب کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف بھی گلابی رنگ کی ہی پگڑی باندھے اس تقریب میں شریک ہیں۔

 

یہ تصاویر سینئر صحافی غریدہ فاروقی کی جانب سے یہ دعویٰ کرتے ہوئے شیئر کی گئیں کہ مذکورہ تصاویر جنید صفدر کی شادی کی تقریب کی ہیں جب کہ درحقیقیت یہ تصاویر 2015ء میں ہونے والی قائد ن لیگ نوازشریف کی نواسی مہر النساء کی شادی کے موقع پر لی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تاریخ طے ہونے سے متعلق اعلان کیا تھا ، انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے کا نکاح سیف الرحمن خان کی صاحبزادی کے ساتھ لندن میں ہو گا ،  ٹوئٹر پر بیٹے کی شادی کا کارڈ شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میرے بیٹے جنید صفدر کا نکاح 22 اگست کوعائشہ سیف الرحمن سے لندن میں ہو گا ، لیکن بدقسمتی سے میں نکاح میں شرکت نہیں کرسکوں گی ، میرے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے اور میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں جیل میں تھی جب میری والدہ کی وفات ہو گئیں اور اب میں اپنے بیٹے کی خوشیوں میں بھی شریک نہیں ہو سکوں گی لیکن اس کے باوجود حکومت سے باہر جانے کے لیے درخواست نہیں کروں گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات