صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی زیر صدارت کورنگی، ایسٹ اور کیماڑی سے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابی امیدواروں کا اجلاس

انشااللہ کراچی کے تمام کنٹونمنٹ بورڈز سے بھاری اکثریت سے پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی، سعید غنی

اتوار 22 اگست 2021 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2021ء) وزیر اطلاعات و محنت سندھ اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کورنگی، ایسٹ اور کیماڑی سے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات لینے والے امیدواروں کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، مرزا مقبول، لیاقت آسکانی، جاوید شیخ، چوہدری اصغر، جانی میمن، آصف خان،طاہر خان، لال بادشاہ جدون سمیت متعلقہ ڈسٹرکٹ کے پارٹی عہدیداروں اور امیدواروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کی تیاریوں، مختلف وارڈز کے امیدواروں کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر پی پی کراچی ڈویژن سعید غنی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار انشااللہ کراچی کے تمام کنٹونمنٹ بورڈز سے بھاری اکثریت سے پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخابات میں عوام کی جانب سے پیپلز پارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے انشااللہ ہم کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے بعد بھی ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیماڑی ڈسٹرکٹ پیپلز پارٹی کا ان علاقوں کے عوام کو تحفہ دیا گیا ہے اور انشااللہ ہم اس کو ایک جدید ڈسٹرکٹ بنائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدوار اپنے اپنے وارڈز میں ووٹروں سے خود ملاقاتیں کریں اور انہیں پارٹی کا منشور بتائیں۔