کابل ایئرپورٹ دھماکے :داعش نے خودکش حملہ آور کی تصویرجاری کردی

حملہ عبدالرحمان الوگری نامی خودکش بمبار نے کیا‘ حملہ آور سکیورٹی کے تمام حصار پار کرکے امریکی فوجیوں سے پانچ میڑ فاصلے تک پہنچ گیا.داعش کا دعوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 27 اگست 2021 14:51

کابل ایئرپورٹ دھماکے :داعش نے خودکش حملہ آور کی تصویرجاری کردی
ریاض(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 اگست ۔2021 ) داعش نے کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خودکش حملہ کرنے والے جنگجو کی شناخت ظاہر کر دی ہے سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق داعش کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کابل ہوائی اڈے پر حملہ عبدالرحمان الوگری نامی خودکش بمبار نے کیا گزشتہ شام کیے جانے والے اس حملے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت اب تک 103افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں .

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش سے تعلق رکھنے والے جنگجو عبدالرحمان الوگری نے کابل ہوائی اڈے کے اندر اور باہر افغانستان سے انخلا کے لیے پروازوں کے انتظار میں جمع ہونے والے ہزاروں افراد کے عین درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا.

(جاری ہے)

داعش کے جاری کردہ بیان کو تنظیم کے ”اعماق“ خبررساں ادارے نے نشر کیا ہے جس کے مطابق خود کش دھماکہ عبدالرحمان الوگری نے کیا تنظیم نے الوگری کی تصویر بھی جاری کی ہے.

”اعماق“ کے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ آور الوگری سکیورٹی کے تمام حصار پار کرتے ہوئے امریکی فوجیوں سے صرف پانچ میڑ فاصلے کی دوری تک پہنچ گیا تاہم داعش نے باقی کے دو دھماکوں کا کوئی ذکرنہیں کیا جبکہ گزشتہ رات گئے داعش نے برطانوی نشریاتی ادارے”بی بی سی“ سمیت دنیا کے مختلف بڑے چینلزکو بیان بجھوایا تھا جس میں کابل دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی گئی تھی ادھرافغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایئرپورٹ پر ہوئے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے طالبان نے کمیٹی قائم کردی ہے.

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ دھماکوں کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے،تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جائے ٹوئٹرپراپنے بیان میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہاکہ کابل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد بھی رات گئے دھماکے سنے گئے، تاہم شہری پریشان نہ ہوں یہ دھماکے امریکی فورسز نے اپنے سامان کو تباہ کرنے کے لیے کیے ہیں. واضح رہے کہ کابل کے ایئر پورٹ پر گزشتہ روز ہونے والے 3 دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد103 ہو گئی جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں.