سندھ حکومت نے شہریوں کو اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے کر دیا ہے، حنید لاکھانی

ایک رپورٹ کے مطابق کے تین سو سے زائد لوگ ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل ہوئے ہیں،رہنما تحریک انصاف

جمعرات 16 ستمبر 2021 16:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑہتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تو ایسا محسو س ہونے لگا ہے کہ صوبائی حکومت نے کراچی کے شہریوں کو اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے کردیا ہے ایک رپورٹ کے مطابق آٹھ ماہ میں 300 سے زائد لوگ ڈکیتی کی وارداتوں میں مزاحمت پر قتل ہوئے جبکہ 900کے قریب شہریوں کو ڈاکوئوں نے واردات کے دوران گولیاں مار کر زخمی کیا، کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز اتنی دیدہ دلیری کے ساتھ وارداتیں کرتے ہیں جیسے ان کو سو فیصد یقین ہو کہ اس شہر میں کوئی قانون نام کی چیز نہیں ہے، ان خیالات کاا ظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں شہریوں سے موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں چھینی گئیں جبکہ لاتعداد چوری ہوئیں لیکن آج تک ایک بھی مجرم کی گرفتاری ممکن نہ ہوسکی جو سندھ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشا ن ہے سندھ حکومت کی کوئی سمجھ ہی نہیں آرہی ہے کہ وہ کراچی کی عوام کے ساتھ کرنا کیا چاہتی ہے اب تو لوگ بھی اس حکومت سے شدید بیزا ر ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ جتنی اسٹریٹ کرائمز کی شرح کراچی میں ہے اور کہیں بھی نہیں ہے اس شہر کے لوگ اب ہر وقت خوف میں جی رہے ہیں کہ گھر سے باہر جائیں تو نہ جانے واپسی پر موٹر سائیکل ، پیسے ، موبائل فون، گاڑی اور دیگر قیمتی اشیاء پاس ہوں گی بھی یا نہیں ، شہر قائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کی وجہ سے آفس ٹائمز اور اسکول ٹائمز پر تو شاہراہوں پر ٹریفک بہت جام ہوتا ہے اپنے وقت کو بچانے کے لیئے زیادہ آبادی موٹر سائیکل کا استعمال کرتی ہے اور اسٹریٹ کرمنلز زیادہ تر موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو لوٹتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک بڑا طبقہ ملازمت پیشہ ہے جو بہت مشکل سے اپنے گھروں کا گزارا چلا رہا ہے ایسے میں ان کے ساتھ لوٹ مار ہو جانے اور قیمتی اشیاء کے چھن جانے سے وہ لوگ کئی کئی ماہ تک پریشان رہتے ہیں سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے او ر ایسے اقدامات کرے جس سے اسٹریٹ کرائمز اور دیگر وارداتوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔