شاہ محمود قریشی کی یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ سے ملاقات

دوطرفہ تعلقا ت پر گفتگو افغانستان کے حوالے سے یورپی یونین کی قرارداد میں پاکستان سے متعلق منفی حوالوں پر تشویش کا اظہار

بدھ 22 ستمبر 2021 22:42

شاہ محمود قریشی کی یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ سے ملاقات
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے حوالے سے یورپی یونین کی قرارداد میں پاکستان سے متعلق منفی حوالوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس طرح کے غیر منطقی حوالہ جات، پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات سے مطابقت نہیں رکھتے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ افغانستان میں انسانی و معاشی بحران کے پنپتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ، عالمی برادری کو افغانستان کی معاونت کو جاری رکھنا ہو گا ، وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ کو دیگر یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والے روابط سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل کے ساتھ ،افغانستان کے قریبی پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ اور ایس سی او سمٹ کے موقع پر ایس سی او اور سی ایس ٹی یو کے وفود کے سربراہوں سے ہونے والی ملاقاتوں کا تذکرہ کیا۔

وزیر خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے ، یورپی یونین کی قرارداد میں پاکستان سے متعلق ، منفی حوالوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس طرح کے غیر منطقی حوالہ جات، پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات سے مطابقت نہیں رکھتے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت سا مالی و جانی نقصان برداشت کیا ، افغانستان سے مختلف ممالک کے، سفارتکاروں اور دیگر حکام کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان نے بھرپور معاونت فراہم کی۔

انہوںنے کہاکہ دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں، وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی و اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے جلد انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر خارجہ اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ نے افغانستان پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔