Live Updates

ٹرمپ اور پوپ میں مصالحت کی روبیو کی کوشش کتنی کامیاب رہی؟

DW ڈی ڈبلیو جمعرات 7 مئی 2026 19:20

ٹرمپ اور پوپ میں مصالحت کی روبیو کی کوشش کتنی کامیاب رہی؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 07 مئی 2026ء) مارکو روبیو نے ویٹیکن سٹی میں تقریباً ڈھائی گھنٹے گزارے اور سخت سکیورٹی کے حصار میں اپنے قافلے کے ساتھ روانہ ہوئے۔ انہوں نے ابتدا میں پوپ لیو سے ملاقات کی، جس کے بعد ویٹیکن کے اعلیٰ حکام، بشمول اعلیٰ سفارت کار کارڈینل پیئترو پیرولن، کے ساتھ بات چیت کی۔

ویٹیکن سٹی یا امریکی محکمہ خارجہ نے ان ملاقاتوں کی کوئی تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کیں۔

روبیو اور پوپ لیو کی یہ ملاقات تقریباً ایک سال میں ٹرمپ کابینہ کے کسی رکن اور پوپ کے درمیان پہلی ملاقات تھی، اور بظاہر یہ طے شدہ وقت سے زیادہ دیر تک جاری رہی۔ پوپ لیو بعد کی ایک دوسری ملاقات میں ویٹیکن عملے کے پاس 40 منٹ تاخیر سے پہنچے اور ان کے صبر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

ویٹیکن کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں پوپ لیو اور روبیو کو مصافحہ کرتے اور پھر ویٹیکن کے اپاسٹولک پیلس میں پوپ کی سرکاری میز کے پاس بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ اور پوپ لیو کے درمیان کشیدگی

امریکہ سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ، لیو چہاردہم، اس وقت صدر ٹرمپ کی ناراضی کا باعث بنے جب وہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ اور ٹرمپ انتظامیہ کی سخت گیر امیگریشن پالیسیوں کے ناقد بن کر سامنے آئے۔

حالیہ ہفتوں میں صدر ٹرمپ پوپ لیو پر مسلسل عوامی سطح پر تنقید کرتے رہے ہیں، جس پر مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے مسیحی رہنماؤں کی جانب سے ردعمل بھی سامنے آیا۔

گزشتہ پیر کے روز ٹرمپ نے غلط طور پر یہ دعویٰ کیا کہ پوپ سمجھتے ہیں کہ ایران کا اپنے لیے جوہری ہتھیار حاصل کرنا قابل قبول ہے، اور کہا کہ جنگ کی مخالفت کر کے پوپ لیو ''بہت سے کیتھولک افراد کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔‘‘

پوپ لیو نے تازہ حملے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ صرف مسیحی امن کے پیغام کو عام کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس خیال کو بھی سختی سے مسترد کیا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کی حمایت کرتے ہیں، کیونکہ کیتھولک چرچ انہیں غیر اخلاقی قرار دیتا ہے۔

پوپ لیو نے کہا، ''چرچ کا مشن انجیل اور امن کا پیغام دینا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''چرچ کئی برسوں سے تمام جوہری ہتھیاروں کے خلاف آواز اٹھاتا آیا ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔‘‘

پولینڈ کے وزیر اعظم کی پوپ لیو سے ملاقات

جمعرات کو جب روبیو ویٹیکن پہنچ رہے تھے تو اسی وقت پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک پوپ لیو سے ملاقات کے بعد واپس جا رہے تھے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی پوپ سے عالمی تعاون کو مضبوط بنانے اور دنیا میں امید پیدا کرنے کے موضوع پر بات ہوئی۔

ٹسک نے پولش زبان میں کہا، ''اگر نیک نیت لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر متحد انداز میں کام کریں تو اب بھی یہ ممکن ہے کہ دنیا افراتفری کا شکار نہ ہو۔‘‘

پوپ لیو، جو کل جمعہ آٹھ مئی کو کلیسائے روم کی قیادت سنبھالنے کا ایک سال مکمل کریں گے، حالیہ ہفتوں میں عالمی معاملات پر زیادہ واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے نظر آئے ہیں۔

گزشتہ ماہ افریقہ کے چار ممالک کے دورے کے دوران انہوں نے عالمی قیادت کے موجودہ رخ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ دنیا ''چند آمر حکمرانوں کے ہاتھوں تباہ کی جا رہی ہے،‘‘ تاہم بعد میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کا اشارہ براہ راست ٹرمپ کی طرف نہیں تھا۔

امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کی طرح روبیو خود بھی کیتھولک مسیحی ہیں۔

دونوں ایک سال قبل پوپ لیو کی افتتاحی اجتماعی عبادت میں شرکت کے بعد ان سے مل چکے ہیں۔

روبیو کی اطالوی وزیر اعظم سے ملاقات متوقع

روبیو نے منگل کو وائٹ ہاؤس بریفنگ میں کہا تھا کہ وہ پوپ سے کیوبا اور دنیا بھر میں مذہبی آزادی سے متعلق خدشات پر گفتگو کی توقع رکھتے ہیں۔

وہ جمعرات کی صبح روم پہنچے اور ان کے طیارے میں کوئی صحافی موجود نہیں تھا، جو امریکی وزیر خارجہ کے دورے کے حوالے سے غیر معمولی بات سمجھی جاتی ہے۔

روبیو دو روزہ دورے پر روم میں موجود ہیں۔ جمعہ کو ان کی ملاقات اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے متوقع ہے، جنہوں نے ٹرمپ کی تنقید کے مقابلے میں پوپ کا دفاع کیا تھا۔ میلونی حکومت کے وزیر دفاع نے بھی کہا کہ ایران جنگ امریکہ کی عالمی قیادت کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

ادارت: مقبول ملک

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات