سیکرٹری جنگلات کی ہدایت پر محکمہ جنگلات کا پہلی مرتبہ ڈرون سیڈنگ کا تجربہ

ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال گرین پنجاب مہم کو تیز تر کرنے کا باعث بنے گا‘سیکرٹری جنگلات

بدھ 22 ستمبر 2021 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) محکمہ جنگلات نے پہلی مرتبہ ڈرون سیڈنگ کا تجربہ کر لیا، یہ تجربہ بہاولپور کے علاقہ لال سوہانرا میں کیا گیا۔ سیکرٹری جنگلات شاہد زمان کی ہدایت پر لال سوہانرا میں تجرباتی طور پر 8 ایکڑ اراضی پر کیکڑ، بیڑ، جنڈ اور فراش کی ڈرون پلانٹنگ کی گئی۔ سیکرٹری جنگلات شاہد زمان کا کہنا ہے کہ اس تجربے کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر اضلاع میں بھی اسے آزمایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون سیڈنگ کا تجربہ کامیاب ہونے سے مستقبل میں وسیع شجرکاری کیلئے یہی نسخہ اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ ڈرون سیڈنگ کم وسائل بالخصوص محدود افرادی قوت کی صورت میں زیادہ موثر نتائج کا حامل تجربہ ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

اس اقدام سے مقامی بیجوں کی پلانٹنگ کو بھی فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی تاریخ میں اس سے قبل ڈرون سیڈنگ پہلے کبھی نہیں کی گئی۔ یہ پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ سیڈنگ کیلئے ڈرون ٹیکلنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری جنگلات نے امید ظاہر کی کہ ڈرون سیڈنگ اپنی نوعیت کا منفرد اور مختلف تجربہ ثابت ہوگا جس سے شجرکاری ٹارگٹ کے قبل از وقت حصول میں معاونت بھی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیڈنگ کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال گرین پنجاب مہم کو تیز تر کرنے کا باعث بنے گا۔

متعلقہ عنوان :