Live Updates

ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کی لسٹنگ کے سلسلے میں گونگ تقریب کا انعقاد

بدھ 22 ستمبر 2021 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کی لسٹنگ کے سلسلے میں ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس نے حال ہی میں اپنی اِنیشل پبلک آفرنگ کو کامیابی سے سرانجام دیا ہے۔ یہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی تاریخ میں نجی شعبے کا اب تک سب سے بڑا آئی پی او تھا جس کی مالیت اسٹرائیک پرائس پر6.435 ارب روپے تھی۔

جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ نے اس اِیشو(اِجرا)کے لیڈ منیجر اور بک رنر کے فرائض انجام دیے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں یہ کمپنی 22 ستمبر 2021 سے میں لسٹڈ ہے۔اس اِیشو میں 90 ملین عام شیئرز شامل تھے جنھیں 100فیصدبک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت 65 روپے فی شیئر کی فلور پرائس پر پیش کیا گیا تھا۔ بولی دہندگان کو اجازت دی گئی کہ وہ اِیشو کے 100 فیصد سائز کے لیے بولیاں لگاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم، کامیاب بولی دہندگان کو عارضی طور پر اِیشو سائز کا صرف 75 فیصد الاٹ کیا گیا تھا،یعنی 67.5 ملین شیئرز اور باقی 25 فیصد یعنی 22.5 ملین شیئرز ریٹیل سرمایہ کاروں کو پیش کیے گئے تھے۔کمپنی کو 5.850 ارب روپے کے اِیشو کے لیے 10.730 ارب روپے کی مجموعی بولیاں موصول ہوئیں، اس طرح اسی1.8x بار اوورسبسکرائب کیا گیا۔ سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد نے بک بلڈنگ کے مرحلے میں حصہ لیا جبکہ518بولی دہندگان میں سے 388 سرمایہ کار کامیاب بولی دہندگان کی حیثیت سے کامیاب ہوئے۔

آئی پی او کے ریٹیل حصے کو بھی زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔ جاری ہونے والے 22.5 ملین اِیشو سائز کے لیی25.9 ملین شیئرز کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس طرح اِیشو کے ریٹیل حصے کو 1.15 بار اوور سبسکرائب کیا گیا۔ ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے یہ فنڈز اپنی ورکنگ کیپٹل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اکٹھے کیے ہیں۔ اس طرح، کمپنی اپنی فروخت کے حجم میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کے کامیاب آئی پی او اور لسٹنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او، جناب فرخ ایچ خان کا کہنا تھا کہ، میں ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ اور اس آئی پی او میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انھوں نے پاکستان کی تاریخ میں نجی شعبے میں سب سے بڑی آئی پی او کو میابی کے ساتھ انجام دیا۔

میں جے ایس گلوبل کو بھی کامیابی کے ساتھ اس تاریخی آئی پی او کا انتظام کرنے پر مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ ہم پی ایس ایکس میں ایئر لنک کمیونیکیشن کو خوش آمدید کہنے کے لیے پرجوش ہیں۔ اس سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبے سے استفادہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس آئی پی او کی کامیابی دیگر کمپنیوں کو بھی آگے آنے اور پی ایس ایکس سے ترقیاتی سرمایہ اکٹھا کرنے کی ترغیب فراہم کرے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ، پی ایس ایکس میں لسٹنگ کے ذریعے، ایئر لنک کمیونیکیشن ایک کاروبار سے ایک لسٹڈکارپوریٹ تنظیم میں تبدیل ہوچکا ہے، جو اس کی کارپوریٹ گورننس کو مضبوط بناتا ہے اور ٹیکس قواعد و ضوابط کی مکمل تعمیل کے ساتھ اس میں شفافیت کو شامل کرتا ہے، اس طرح یہ قومی معیشت میں بھی حصہ ڈالتا ہے۔ یہ جان کر مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ ٹیکس ادائیگی کے ریکارڈ کے لحاظ سے، ایئر لنک کو دیگر اعزازات کے ساتھ ساتھ ہائیسٹ ٹیکس پیئر ایوارڈ 2020 سے بھی نوازا گیا ہے۔

آئی پی او اور ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کی لسٹنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کمپنی کے سی ای او جناب مظفر ایچ پراچہ نے کہا کہ، یہ موبائل فون بنانے والے سب سے بڑے مینوفیکچررز، ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز ایئر لنک، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور کیپٹل انڈسٹری کے لیے ایک عظیم دن ہے کہ انھوں نے پاکستان کی تاریخ میں نجی شعبے کا سب سے بڑا آئی پی او مکمل کیا ہے۔

میں جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ اور خاص طور پر سی ای او کامران ناصر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انھوں نے ایئر لنک کے لیے بہترین انویسٹمنٹ بینکنگ سروسز فراہم کیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ، یہ موبائل انڈسٹری کے ساتھ ساتھ ایئر لنک کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے جو کہ پاکستان کی پہلی ٹیلی کام کمپنی ہے جو پی ایس ایکس میں لسٹڈ ہوئی ہے۔ اس سے پاکستان کو موبائل ڈیوائسز کے درآمدی بل کو کم کرنے اور موبائل ڈیوائسز کی برآمد کے ذریعے زرمبادلہ کمانے میں مدد ملے گی۔

ہم وزیر اعظم کے میک اِن پاکستان وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں تاکہ درآمدی اشیا پر ہمارا انحصار کم کیا جا سکے اور برآمدی معیشت کو پائیدار بنایا جا سکے۔ اس سے نہ صرف تجارتی خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ہمارے ملک کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔اس موقع پر جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ کے سی ای او، محمد کامران ناصر نے کہا کہ، جے ایس گلوبل نے پاکستان کے سب سے بڑے نجی شعبے کے آئی پی او کی بے نقص عملدرآمد کے ذریعے صنعت کے لیے کارکردگی کے معیار کو بلند کیا ہے۔

یہ ہماری سرمایہ کاری بینکنگ کی طاقت اور تقسیم کی صلاحیت کے بارے میں منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہماری کیپٹل مارکیٹس تاریخی تبدیلی سے گزر رہی ہیں جس کے نتیجے میں ڈیجیٹل آن بورڈنگ کے ذریعے مزید لسٹنگ اور سرمایہ کاروں میں اضافہ ہوگا۔ جے ایس گلوبل ٹیکنالوجی کو اپنانے میں مارکیٹ کی قیادت جاری رکھے گا اور ہماری کیپٹل مارکیٹس کی وسعت اور لیکویڈیٹی میں اضافہ کرنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ، میں نئی موبائل پالیسی متعارف کرانے، اور پاکستان کی برآمدات بڑھانے کے سلسلے میں انڈسٹری کو سہولت فراہم کرنے پر معزز وزیراعظم عمران خان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میں مظفر ایچ پراچہ کو ان کی قیادت اور ایئر لنک کی تعمیر و ترقی کے عزم کے لیے مبارکباد دینا چاہتا ہوں جو کہ پاکستان کے سب سے بڑے موبائل فون اسمبلرز اور ڈسٹری بیوٹرز میں سے ایک ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات