برطانوی حکومت کی جانب سے انگلش کرکٹ بورڈ کو دورہ پاکستان کیلئے راضی کرنے کی کوششیں

دورہ پاکستان کے حوالے سے برطانوی حکام اور انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان بات چیت جاری، بورس جانسن دورہ پاکستان کی منسوخی پر ناراضگی کا اظہار کر چکے

muhammad ali محمد علی جمعرات 23 ستمبر 2021 20:07

برطانوی حکومت کی جانب سے انگلش کرکٹ بورڈ کو دورہ پاکستان کیلئے راضی ..
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2021ء ) برطانوی حکومت کی جانب سے انگلش کرکٹ بورڈ کو دورہ پاکستان کیلئے راضی کرنے کی کوششیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شائقین کرکٹ کیلئے ایک حوصلہ افزاء خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان پیدا ہو گیا ہے، اس حوالے سے برطانوی حکومت اور انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان بات چیت جاری۔

ہے۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی حکومت پاکستان کیساتھ سفارتی تعلقات خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر انگلش کرکٹ بورڈ کو اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے راضی کرنے کی کوشش میں مصروف ہے، اس حوالے سے جلد صورتحال واضح ہو جائے گی۔ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ برطانوی وزیراعظم بورس جونسن انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی ) کی جانب سے پلیئرز ویلفیئر کے نام پر دورہ پاکستان سے انکار کیے جانے پر انتہائی ناخوش ہیں ۔

(جاری ہے)

ٹائمز اخبار کے مطابق بورس جونسن اور ان کی کابینہ کے سینئر ارکان کا خیال ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے وزیراعظم ہاؤس اور کلچرل منسٹری سے مشورہ مانگا تھا تاہم دورہ پاکستان سے انکار کرکے یکطرفہ سنایا جس کے باعث پاکستان اور برطانوی حکومتوں کے مابین تعلقات خراب ہوئے ہیں ۔ اخبار کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کے بعد برطانوی حکومت کے لیے رواں سال کے آخر میں ایشز سیریز کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کرسچن ٹرنر نے واضح کیا کہ پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا گیا، اس فیصلے سے برطانوی حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان محفوظ ملک ہے، برطانوی سفارت خانے نے سکیورٹی کے حوالے سے کوئی الرٹ جاری نہیں کیا، انگلش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان سکیورٹی خدشات کی وجہ سے منسوخ نہیں ہوا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ یہ ایک مایوس کن دن ہے، انگلش ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر مجھ سے زیادہ اور کوئی افسردہ نہیں تاہم اب یقین دلاتا ہوں کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے آئندہ دورہ پاکستان کیلئے مل کر کام کریں گے۔