وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وفاقی وزیر ڈاکٹرفہمیدہ مرزا کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً صوبے میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

پیر 27 ستمبر 2021 18:21

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وفاقی وزیر ڈاکٹرفہمیدہ مرزا کی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پیر کے روز وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً صوبے میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری سپورٹس عابد مجیدبھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی سربراہی میں صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے دورس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے نیشنل سپورٹس پالیسی 2021 کو حتمی شکل دی گئی ہے ، جس پر عملدرآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کا اہم کردار ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک میں اس قومی کھیل کو دوبارہ فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 9ماہ کی قلیل مدت میں صوبے میں چار ہاکی اسٹرو ٹرف بچھا ئے گئے ہیں، جبکہ ہاکی ٹرف کے دیگر نو منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

کرکٹ کے فروغ کے لئے بین الاقوامی معیار کے کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ہاکی اور کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی حکومت نئی نیشنل سپورٹس پالیسی پر عملدرآمد کے سلسلے میں بھر پور تعاون کرے گی ۔