مشکل کی گھڑی میں ضرورت مندوں کی بے لوث خدمت مقدس فریضہ ہے،صدر مملکت

گزشتہ 4 دہائیوں سے پاکستان میں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی مثال نہیں ملتی، عارف علوی

منگل 28 ستمبر 2021 22:51

مشکل کی گھڑی میں ضرورت مندوں کی بے لوث خدمت  مقدس فریضہ ہے،صدر مملکت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں ضرورت مندوں کی بے لوث خدمت مقدس فریضہ ہے،گزشتہ 4 دہائیوں سے پاکستان میں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی مثال نہیں ملتی۔ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستان میں عطیات دینے کے حوالے سے منفرد جذبہ پایا جاتا ہے، مشکل کی گھڑی میں ضرورت مندوں کی بے لوث خدمت مقدس فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گزشتہ 4 دہائیوں سے پاکستان میں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی مثال نہیں ملتی ۔انہوںنے نے کہاکہ پاکستان بہترین حکمت عملی سے کورونا وباء سے نمٹنے میں کامیاب رہا ،ماضی میں پاکستان میں عوام سے جمع کیے گئے ٹیکس میں بد دیانتی کی جاتی رہی۔ انہوںنے کہاکہ خصوصی افراد کو ہنر مند بنا کر نوکریاں دینے کی ضرورت ہے، کاروباری برادری خواتین اور خصوصی افراد کو کاروباری قرضوں کے حصول میں رہنمائی فراہم کرے۔ انہوںنے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا، پاکستانی برآمدات کی قدر میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔