Live Updates

حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی حکومت واپوزیشن دونوں مفادات کا کھیل کھیل کررہے ہیں ،مولانا عبدالحق ہاشمی

عوام کاکوئی پرسان حال نہیںمہنگائی ،بھاری سودی قرضے اور بدعنوانی حکمرانوں کے تحفے ہیں ،امیرجماعت اسلامی بلوچستان

منگل 28 ستمبر 2021 23:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی حکومت واپوزیشن دونوں مفادات کا کھیل کھیل کررہے ہیں عوام کاکوئی پرسان حال نہیں۔مہنگائی ،بھاری سودی قرضے اور بدعنوانی حکمرانوں کے تحفے ہیں جماعت اسلامی عوام کو اسلامی فلاحی حکومت دیکر مسائل ومشکلات اورپریشانیوں سے نجات دلائیگی ۔

بلوچستان کے مسائل کے ذمہ دار وفاقی وصوبائی حکومتیں بے حس حکمران ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اقتدار میں آ کر اپنے آپ کو ناکام لیڈر ثابت کردیا ہے۔ بلوچستان کے اتحادی حکومت نے عوام کے مسائل میں بدترین اضافہ کر دیا۔ مہنگائی، بے روزگاری، رشوت، کرپشن نے تین سالہ دورِ اقتدار میں تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیکس ٹیرف میں مسلسل اضافے سے پیداوار ی لاگت ناقابلِ برداشت ہو گئی ہے۔

کاروباری سرکل رُک گیا ہے اور صنعتی ،معاشی ،روزگارکا پہیہ جام ہو رہا ہے۔ انتخابی اصلاحات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کا اتفاق رائے ضروری ہے۔ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ڈھونگ رچا کر انجینئرڈ اور ڈیجیٹل دھاندلی مسلّط کرنا چاہتی ہے۔ انتخابات کنڈکٹ کرنے والے مشینری کی نیت ٹھیک نہیں گی تو مشین بھی خراب ہو گی۔ شفاف غیرجانبدارانہ اور بااعتماد انتخابی نظام قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لئے ضروری ہے۔

جماعت اسلامی انتخابی اصلاحات کے لئے قومی قیادت سے رابطہ کر رہی ہے۔ حکومت عدلیہ، میڈیا،سوِل بیوروکریسی پر مسلسل غیر آئینی غیرقانونی حملے کر رہی ہے۔ اداروں کو بے بس بنا کر سِول ملٹری آمرانہ حکمرانی کا نیا نظام لایا جا رہا ہے۔ ریاستی طاقت سے متقدر طبقے ہمیشہ اپنے نتائج تو حاصل کر لیتے ہیں لیکن اِس کے نتائج بہت بھیانک ہوتے ہیں۔ تمام جمہوری قوتیں اور ریاستی ادارے آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ، آزاد ذمہ دار میڈیا اورخودانحصاری کے اقتصادی نظام پر یک آواز اور ہم آہنگ ہو جائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات