سعودی عرب ؛ خمیس مشیط پر حوثیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام

سعودی ایئر ڈیفنس نے حوثی باغیوں کا بارودی ڈرون راستے میں ہی روک کر تباہ کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 29 ستمبر 2021 11:55

سعودی عرب ؛ خمیس مشیط پر حوثیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام
خمیس مشیط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب میں خمیس مشیط پر حوثیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنادیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق حوثیوں کا ڈرون حملہ سعودی ایئر ڈیفنس کی جانب سے منگل کی شب اس وقت ناکام بنایا گیا جب حوثی باغیوں نے خمیس مشیط پر حملے کی کوشش کی۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے بارودی ڈرون راستے میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر بھی میزائل حملہ کیا تھا ، مملکت کے دفاعی نظام نے جازان کی جانب داغا جانے والا بیلسٹک میزائل فضاء میں ہی تباہ کر دیا ، حوثی باغیوں کی جانب سے یہ حملہ مملکت کے 91 ویں قومی دن کے موقع پر کیا گیا تاہم سعودی عرب کے دفاعی نظام کی جانب سے یمن کی حوثی ملیشیاء کا جازان کی طرف داغے جانے والے اس بیلسٹک میزائل کو فضاء میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں عرب اتحادی فوج نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے حالیہ مہینوں میں سعودی شہری املاک کو نشانہ بنانے کی سرگرمیوں میں تیزی ہو گئی ہے تاہم بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں یمن کے اندر موجود ان حملوں کے ماسٹر مائنڈز کو ہر ممکن طور پر نشانہ بنایا جائے گا تاکہ ان حملوں کے سلسلے کو ختم کیا جاسکے۔ ادھرعرب اتحاد فوج نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا ، ترجمان عرب اتحاد فوج نے فضائی کارروائی میں شہری ہلاکتوں کی تردید کردی ، عرب اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمن کے علاقے شبوہ میں حوثی ملیشیا کےٹھکانوں پر مستند انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرفضائی حملہ کیا گیا ، اس حملے میں مقامی شہری آبادی کے جانی نقصان سے متعلق کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ملی ، حوثیوں کی طرف سے ایک بچے سمیت 9 عام شہریوں کوبے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارے جانے پر اقوام متحدہ کے بیان کو اتحادی فوج کی کارروائی کی مذمت سے جوڑنا افسوسناک ہے۔