صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا26واں سینڈیکیٹ اجلاس کا انعقاد

پنجاب کی طبی درسگاہوں سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات پاکستان سمیت پوری دنیامیں ملک کا نام روشن کررہے ہیں‘ڈاکٹریاسمین راشد

جمعرات 30 ستمبر 2021 13:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2021ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا26واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹرآصف طفیل،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامرزمان خان،پرووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرشیریں خاور،ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹراطہر،ایم ایس گورنمنٹ شاہدرہ ہسپتال ڈاکٹرصباحت،پروفیسرجاویدچوہدری،فنانس،ہائرایجوکیشن و دیگرمحکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔

پرووائس چانسلرنے اجلاس میں سینڈیکیٹ ایجنڈاکے مندرجات پیش کئے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران 25ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے منٹس کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ایم ایس گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹرصباحت کو ہسپتال کی کارکردگی بہتربنانے اور کام چور عملہ کی نشاندہی کرنے کا ٹاسک دے دیا۔اجلاس کے دوران فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے پانچ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران نئے سپروائزرزکے کراٹیریا کی منظوری کے علاوہ نئے ایگزیمینرزکے کراٹیریاکی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس کے دوران اسسٹنٹ پروفیسرڈرماٹالوجی کی پوسٹ ، بائیومیڈیکل انجینئر اور ہاؤس کیپرزکی سیٹوں کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران پروفیسرفیملی میڈیسن اور اسسٹنٹ پروفیسر وسکولرسرجری کی سیٹوں کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے دوران 400طالبات کیلئے گاؤنزخریدنے کی اجازت دی گئی اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کیلئے آئی ٹی سامان خریدنے کی اجازت دی گئی۔

اجلاس کے دوران کیمیکل اور کٹس خریدنے اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کیلئے نئے فرنیچرخریدنے کی بھی اجازت دی گئی۔اجلاس کے دوران میڈیکل اینڈ لیبارٹری سامان خریدنے کی اجازت دے دی گئی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ کی خالی اسامی پر بھرتی کی منظوری کے علاوہ سیکیورٹی اینڈ جینیٹوریل سروسزکی منظوری بھی دی گئی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں جدیدریسرچ پرخاص توجہ دی جارہی ہے۔پنجاب کی طبی درسگاہوں سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات پاکستان سمیت پوری دنیامیں ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ۔پنجاب کی طبی درسگاہوں میں طلباء وطالبات کی آسانی کیلئے تمام سہولیات فراہم کررہے ہیں۔