ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی غفلت کے باعث رائے ونڈ کے قبرستانوں پر قبضہ مافیا کی یلغار

جمعہ 1 اکتوبر 2021 14:42

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2021ء) ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی غفلت کے باعث رائے ونڈ کے قبرستانوںپر قبضہ مافیا کی یلغار جاری،بوہڑ والا قبرستان،بابا بہار شاہ قبرستان،ریلوئے قبرستان،برہان پورہ قبرستان ،دولہ مولا قبرستان کی ابتر صورت حال،چار دیواری ،وضو گاہوں کو عدم دستیابی ،سٹریٹ لائٹس غائب ،جرائم پیشہ افراد نے مسکن بنا لیا ۔

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ شہر میں موجود 5قبرستانوں کی ابتر صورت حال پر شہری پریشان نظر آرہے ہیں ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی غفلت سے متعدد قبرستانوں کی اراضی پر قبضہ گروپ کا تسلط ہے ۔بوہڑ والے قبرستان پر ایک منظم قبضہ مافیا مکانات تعمیر کروا رہا ہے اس قبرستان کا حجم دن بدن سکڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

شہرکے قدیمی بوہڑ والے قبرستان کی چار دیواری اور سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کیوجہ سے قبرستان جرائم پیشہ عناصر اور آوارہ کتوں کا مسکن بن گیا ہے کتے لاشیں نوچتے ہیں رائے ونڈ کے سب سے قدیمی بوہڑ والے قبرستان کی حالت زار انتہائی ابتر ہے تقسیم ہند کے بعد اس قبرستان کی چار دیواری اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام نہیں ہو سکا جس سے شام ہوتے ہی جرائم پیشہ افراد اس قبرستان کا رخ کرلیتے ہیں قبرستان میں منشیات کی خریدوفروخت دیدہ دلیری سے جاری رہتی ہے ۔

پولیس کو علم ہونے کے باوجود یہاں کارروائی نہیں کی جاتی شہریوں کی طرف سے اگر لائٹ لگائی جائے تو اسکو توڑ دیا جاتا ہے ۔قبرستان کی چاردیواری نہ ہونے کی وجہ سے آوارہ کتوں کی بھرمار ہے جو مردے قبروں سے اکھاڑ کر باہر لے آتے ہیں معصوم بچوں کی لاشیں نوچتے رہتے ہیں قبروں کی بے حرمتی پر اہل علاقہ کا احتجاج بھی کام نہیں آسکا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ شہر کے تمام قبرستانوں کا ازسر نو سروے کیا جائے جنازگاہ ،وضو گاہ ،چاردیواری اور سٹریٹ لائٹس کے نظام کو بہتر بنا یا جائے تاکہ شہری اپنے پیاروں کی تدفین کرسکیں ۔