گولی کھانے کے باوجود پولیس انسپکٹر نے بہادری کی اعلٰی مثال قائم کر دی

پنجاب کانسٹیبلری میں تعینات انسپکٹر فخرزمان خان اپنی گاڑی پر کریم بلاک میں موجود تھے جب ڈاکو نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 4 اکتوبر 2021 14:16

گولی کھانے کے باوجود پولیس انسپکٹر نے بہادری کی اعلٰی مثال قائم کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 اکتوبر 2021ء) : لاہور کے علاقہ گلشن اقبال کے قریب میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پولیس انسپکٹر زخمی ہوگیا، لیکن انسپکٹر نے زخمی ہونے کے باوجود بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکو کو بھی دبوچ لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پنجاب کانسٹیبلری میں تعینات انسپکٹر فخرزمان خان اپنی گاڑی پر کریم بلاک میں موجود تھے کہ اسی دوران ایک ڈاکو نے گن پوائنٹ پر انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔

مزاحمت کرنے پر ڈاکو نے پولیس انسپکٹر پر فائرنگ کر دی جس سے انسپکٹر فخر زمان خان معمولی زخمی ہو گئے تاہم گولی لگنے کے باوجود مذکورہ انسپکٹر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکو کو دبوچ لیا۔ کچھ ہی دیر بعد گلشن اقبال پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکو کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شہباز کے نام سے ہوئی جس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے گرفتار ملزم کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے ۔ واضح رہے کہ لاہور میں اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے امن و امان کی صورت حال مثالی تو کبھی بھی نہیں رہی لیکن اب اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تھانہ شاہدرہ، رائے ونڈ، تھانہ شمالی چھاونی، تھانہ باغبانپورہ، ماڈل ٹاؤن ڈویژن، اسلام پورہ اور تھانہ فیکٹری ایریا وغیرہ میں صورت حال میں زیادہ بگاڑ دیکھنے میں آیا۔ شہر میں بڑھتے ہوئے کرائم پر شہریوں نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔