مچھلی کی موبائل ہیلتھ تجزیاتی لیبارٹری کا قیام مچھلی کی بیماریوں کے تدارک میں اہم کردار ادا کرے گا ‘ڈاکٹر محمد عابد

منگل 12 اکتوبر 2021 13:09

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2021ء) ڈائریکٹر فشریز ایکوا کلچر پنجاب ڈاکٹر محمد عابد نے کہا کہ مچھلی کی موبائل ہیلتھ تجزیاتی لیبارٹری کا قیام مچھلی کی بیماریوں کے تدارک میں اہم کردار ادا کرے گا فش فارمنگ کی پیداوار بڑھے گی اوراس سے وابسطہ لوگوں کے روزگار میں اضافہ ہوگا۔زرائع کے مطابق ڈاکٹر محمد عابد ڈائریکٹر فشریز (ایکواکلچر) پنجاب نے سرگودھا میں زیر تعمیر تجزیاتی موبائل ہیلتھ لیبارٹری کے دورہ کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا میں 12ہزار ایکڑ سے زائدرقبہ پر فش فارمنگ ہورہی ہے۔

اس لیبارٹری کے قیام سے فش فارمرز کو پانی و مٹی کے تجزیاتی نمونہ جات اور مچھلی کی بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے سہولت میسر ہوگی۔جبکہ لیبارٹری کے ساتھ مفت ایمبولینس سروس بھی فراہم کی جارہی ہے جس سے محکمہ ماہی پروری فارمرز کی دہلیز تک اپنی تکنیکی مشاورت پہنچائے گا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر فشریز ڈاکٹر محمد عابد نے دریائے جہلم خوشاب کا معائنہ کیا اوروہاں پر موجود شکاریوں کے لائسنس اور پرمٹ چیک کیے،ڈائریکٹر فشریز نے کہا کہ فش فارمرز کی تکنیکی معاونت میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور فش فارمرز کیلئے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز سرگودھا ڈویڑن مشتاق احمد قریشی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز سرگودھاراناعبدالرئوف اور دیگر بھی تھے۔

متعلقہ عنوان :