یونیورسٹی اف ہوم اکنامکس کے سینڈیکیٹ کا اجلاس

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر بدھ 13 اکتوبر 2021 17:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر ہائیرایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کی زیرصدارت یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کے سینڈیکیٹ کا ساتواں اجلاس کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، وائس چانسلر گورنمنٹ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر، ممبر قومی اسمبلی ملیکہ علی بخاری، ممبران پنجاب اسمبلی نیلم حیات،راشدہ حانم، خدیجہ عمر،پروفیسر ڈاکٹر خالد حمید شیخ، ڈاکٹر غزالہ عرفان اور محکمہ ہائیرایجوکیشن، قانون اور خزانہ کے نمائندگان نے شرکت کی۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس ڈاکٹرکنول امین نے یونیورسٹی کو درپیش مسائل اور یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور طالبات کے لئے بہترین سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سینڈیکیٹ کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی روشنی میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایڈمن بلاک، فوڈلیب، آرٹ لیب، ای لائبریری کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور دیگر ترقیاتی کام جاری ہیں۔وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 24نئی تقرریاں کی گئی ہیں جن میں 9پی ایچ ڈی اساتذہ بھی شامل ہیں۔صوبائی وزیرراجہ یاسر ہمایوں نے اس موقع پر کہا کہ اساتذہ اور دیگر عملے کی تعیناتی میں سوفیصد میرٹ کو مدنظر رکھا جائے اور کسی بھی قسم کے بیرونی دباؤ کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف اہل لوگوں کی یونیورسٹی میں تقرریاں کی جائیں۔

اجلاس میں وائس چانسلر نے 8ایجنڈا آئٹمز سینڈیکیٹ کی منظوری کے لئے پیش کئے۔ شرکاء نے تفصیلی جائزہ لے کر ان کے بارے میں فیصلہ کیا۔ سنڈیکیٹ نے چھٹے اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دی۔سینڈیکیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرراجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے موثر حکمت عملی پر کام کر رہی ہے جس کے تحت نہ صرف یہ کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں نئی یونیورسٹیاں بنائی جا رہی ہیں بلکہ پہلے سے موجود یونیورسٹیوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے خطیر رقم مختص کی جا رہی ہے۔ بعدازاں صوبائی وزیرراجہ یاسر ہمایوں نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس میں بنائی جانے والی نئی لائبریری کا افتتاح کیا اور یونیورسٹی لان میں پودا لگایا۔