بیٹی کا نام تبدیل کرنے سے انکار پر سعودی خاتون کی شوہر کو خودکشی کی دھمکی

میرے شوہر بیٹی کو اپنی پہلی بیوی کا نام دے رہے ہیں، میری مدد کریں ، میں اسے کیسے راضی کروں یا خودکشی کرلوں ، سعودی خاتون کی متعلقہ محکمے کو درخواست

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 اکتوبر 2021 15:01

بیٹی کا نام تبدیل کرنے سے انکار پر سعودی خاتون کی شوہر کو خودکشی کی ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اکتوبر 2021ء ) بیٹی کا نام تبدیل کرنے سے انکار پر سعودی خاتون نے شوہر کو خودکشی کی دھمکی دے دی۔ عرب میڈیا کے مطابق ایک سعودی خاتون نے اپنے شوہر کو اس لیے خودکشی کی دھمکی دی کیوں کہ اس کے شوہر نے اپنی بیٹی کا نام تبدیل کرنے سے انکار کر دیا۔ سعودی خاتون نے متعلقہ محکمے کو فون کیا جس میں اس نے موقف اختیار کیا کہ میرے شوہر بیٹی کو اپنی پہلی بیوی کا نام دے رہے ہیں میری مدد کریں ، میں اسے کیسے راضی کروں یا خودکشی کرلوں۔

اس کے جواب میں مملکت میں گھریلو تشدد کی رپورٹوں کے مرکز نے کہا کہ میری پیاری بہن ہم آپ کی خدمت اور حفاظت کے لیے موجود ہیں اور آپ رابطہ مرکز 1919 کے متحد اور ٹول فری نمبر کے ذریعے ہم سے رابطہ کر سکتی ہیں جہاں مشاورت کی خدمات ماہرین نفسیات اور سماجی کارکنان فراہم کرتے ہیں اور آپ کو صحیح حل کی رہنمائی ملے گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف بچوں کو کورونا ویکسین لگانے سے روکنے پر سعودی خاتون شوہر کے خلاف عدالت پہنچ گئی ، والد کے اس اقدام کی وجہ سے ویکسین نہ ملنے سے دونوں بیٹے تعلیم اور عام زندگی سے محروم ہو گئے ، خاتون نے شوہر کے خلاف قانونی مشورہ طلب کرلیا ، یہ واقعہ سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ کا ہے جہاں 2 بچوں کی ماں نے ان کے دونوں بیٹوں کے لیے کورونا ویکسین لینے سے انکار کرنے پر شوہر کے خلاف قانونی مشورہ طلب کیا ہے۔

اس ضمن میں وکیل فیصل بن ترکی غربی نے بتایا کہ اس نے ماں سے اس کے دو بیٹوں کے کیس کے باقاعدہ طریقہ کار کے بارے میں انکوائری حاصل کی جن کے والد نے ویکسین لینے سے انکار کر دیا تھا جس کیلئے ان کی جانب سے کوئی وضاحت بھی نہیں کی گئی لیکن والد کے اس اقدام کی وجہ سے ویکسین نہ ملنے سے ان کے دونوں بیٹے تعلیم اور عام زندگی سے محروم ہو گئے۔ وکیل نے وضاحت کی کہ خاندن کے سرپرست کی حیثیت سے خاتون کے شوہر نے جو کچھ کیا ہے وہ چائلڈ پروٹیکشن قانون کے آرٹیکل 2 کے زمرے میں آتا ہے اور اس کو نظرانداز کرنے کے معاملات کی وجہ سے نظام کی روشنی میں احتساب کی ضرورت ہوتی ہے ، ماں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے چائلڈ سپورٹ ٹول فری نمبر (116111) یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔