ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے یو بی جی کی مربوط حکمت عملی تیار ہے افتخارعلی ملک

ہمارے امیدوار فیڈریشن کے وسائل کو ہڑپنے والوں کو انکے گھروں کو روانہ کردیں گے،چیئرمین یو بی جی

جمعرات 14 اکتوبر 2021 21:50

ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے یو بی جی کی مربوط حکمت عملی تیار ہے افتخارعلی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2021ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ سال2022کے ایف پی سی سی آئی سالانہ انتخابات کیلئے یو بی جی نے مربوط حکمت عملی تیار کرلی ہے اور ملک بھر میں نوجوانوں کی ٹیمیں تیارکرکے انہیں اہم فرائض سونپ دیئے ہیں،آئندہ فیڈریشن انتخابات میں یو بی جی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر نعمان بٹ اورسینئرنائب صدر کے منصب کیلئے ہمارے امیدوارمحمدحنیف گوہر بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔

مرکزی ترجمان یو بی جی گلزارفیروز کے مطابق چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ افتخار علی ملک نے یو بی جی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹرنعمان بٹ سے گفتگو میں کہا کہ یو بی جی کی قیادت فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مفاد پرستوں کا صفایا کرکے ہی دم لے گی اور ہمارے تمام امیدوار فیڈریشن کے وسائل کو ہڑپنے والوں کو انکے گھروں کیلئے روانہ کردیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئرتاجررہنما ریاض الدین شیخ، تنویراحمد شیخ،چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان(ریپ)علی حسام اصغراوردیگر بھی موجود تھے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ یو بی جی کی طرف سے فیڈریشن الیکشن کیلئے اہل شخصیات کو امیدوار نامزد کیا جارہا ہے ، یو بی جی کی تمام قیادت اجتماعی فیصلوں پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ گروپ نے تاجر برادری کے مسائل حل کرکے ملک کی 80 فیصدسے زائد تاجر برادری کا اعتماد حاصل کیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمارے گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر یو بی جی کی جان ہیں اور انکے ساتھ ملکر ہم نی5سال فیڈریشن کا نہ صرف ملکی بلکہ غیرملکی سطح پر وقار بلند کیا بلکہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کیلئے کوئی کثر نہ اٹھا رکھی ، پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی ایک بار پھر یو بی جی کے جھنڈے تلے یکجا ہوچکی ہے، یو بی جی کے نامزد امیدوار ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اور تاجر برادری کے مسائل حل کریں گے۔