گندم کی فصل ملکی فوڈ سیکیورٹی میں کلیدی کردار کی حامل ہے‘صوبائی وزیر زراعت

امسال گندم کی2 کروڑ20 لاکھ ملین ٹن پیداواری ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کریں‘سید حسین جہان گردیزی

جمعہ 15 اکتوبر 2021 13:05

گندم کی فصل ملکی فوڈ سیکیورٹی میں کلیدی کردار کی حامل ہے‘صوبائی وزیر ..
دائودخیل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہان گردیزی نے کہا کہ امسال گندم کی2 کروڑ20 لاکھ ملین ٹن پیداواری ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کریں گندم کی فصل ملکی فوڈ سیکیورٹی میں کلیدی کردار کی حامل ہے۔ملک میں گندم کی مجموعی پیداوار میں صوبہ پنجاب کا حصہ 76 فیصد ہے۔

امسال صوبہ پنجاب کے لئے گندم کا پیداواری ہدف2 کروڑ20 لاکھ ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے جسے یقینی بنانے کیلئے گندم کے کاشتکار منظور شدہ اقسام کا بیج استعمال کریں۔ گندم کی زیادہ پیداوار کے لئے جاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے کاشتکاروں کی عملی شرکت لازمی ہے اور اس مقصد کے لئے محکمہ زراعت کا عملہ ان کے شانہ بشانہ شریک ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میانوالی میں محکمہ زراعت اور نجی کمپنی کے تعاون سے منعقدہ کسان کنونشن برائے فصلات ربیع 2021-22 کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی کے تحت 12 ارب 59 کروڑ روپے کی لاگت سے گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے اور امسال اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو 10 لاکھ منظور شدہ اقسام کے بیج کے تھیلے،جڑی بوٹی مار زہریں اور جدید زرعی مشینری سبسڈی پر فراہم کی جائے گی تاکہ گندم کے پیداوار اہداف کو یقینی بنایا جا سکے۔

صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں اور کاشتکار بھائیوں کی محنت کے باعث صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گندم کی2 کروڑ9 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار حاصل ہوئی اور اس کی کاشتکاروں کو اچھی قیمت بھی یقینی بنائی گئی۔امسال بھی کاشتکار گندم کی کاشت زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کریں۔انشاء اللہ امسال بھی کاشتکاروں کو گندم کی بہتر قیمت ملے گی اور حکومت ان سے ایک ایک دانہ خرید کرے گی۔ کسان کنونشن میں صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان،ممبر صوبائی اسمبلی ملک احمد خان بھچر، ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر انجم علی،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔