عراق،کرونا کے سبب دو ماہ قبل فوت ہونے والی خاتون انتخابات میں فتح یاب

جمعہ 15 اکتوبر 2021 14:52

عراق،کرونا کے سبب دو ماہ قبل فوت ہونے والی خاتون انتخابات میں فتح یاب
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) عراق میں کرونا کے سبب دو ماہ قبل فوت ہونے والی خاتون انتخابات میں فتح یاب ہوگئیں،میڈیارپورٹس کے مطابق گذشتہ دنوں کے دوران عراقی حلقوں میں اس بات پر ہنگامہ مچا ہوا ہے کہ بغداد صوبے میں انتخابات لڑنے والی خاتون انسام مانوئیل 2397 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہو گئیں جب کہ درحقیقت کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے سبب تقریبا دو ماہ قبل ان کا انتقال ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انسام کے اہل خانہ نے فیس بک پر ان کے پیج پر جاری وضاحت میں بتایا کہ متوفیہ امیدوارنے انتخابات میں آزاد حیثیت سے شرکت کا اعلان کیا تھا تاہم اگست میں انہیں کرونا نے آ دبوچا۔ وہ 35 روز تک ہسپتال میں رہنے کے بعد دنیا سے رخصت ہو گئیں۔یاد رہے کہ قانونی پہلو سے انسام کی جگہ وہ امیدوار لے گا جو متوفیہ کے بعد ووٹوں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہا۔واضح رہے کہ کابینہ کے سکریٹریٹ کے اعلان کے مطابق حالیہ قبل از وقت پارلیمانی انتخابات میں پورے عراق میں 97 خواتین نے کامیابی حاصل کی۔