انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں مزید توسیع کی اشد ضرورت ہے‘لاہور چیمبر

انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہ صرف تاجر برادری بلکہ حکومت کے اپنے مفاد میں بھی ہے‘عہدیداران

جمعہ 15 اکتوبر 2021 21:28

انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں مزید توسیع کی اشد ضرورت ہے‘لاہور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیر خزانہ شوکت ترین اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں کم از کم 31دسمبر تک توسیع کریں تاکہ تاجر باآسانی اپنے گوشوارے جمع کرواسکیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال، ایف بی آر کے پیچیدہ آن لائن سسٹم اور تجارتی تنظیموں کے انتخابات کی وجہ سے تاجروں کی اکثریت تاحال ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہ صرف تاجر برادری بلکہ حکومت کے اپنے مفاد میں بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع سے حکومت کو ریونیو اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ تاجر برادری کے ساتھ اعتمادسازی بھی بڑھے گی ۔ انہوں نے کہا انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کرکے تاجر برادری کو سہولت مہیا کی جائے۔