خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کی روکتھام کی بہترین حکومتی کاوشوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ،ڈینگی کیسز میں 40 فیصد کمی

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی زیرصدارت ڈینگی وائرس کی روک تھام بارے میں اجلاس ،ڈینگی وائرس کی روک تھام بارے ہدایات دیں

پیر 18 اکتوبر 2021 20:38

خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کی روکتھام کی بہترین حکومتی کاوشوں کے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کی بہترین حکومتی کاوشوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں جس کی بدولت گزشتہ ہفتے کی نسبت ڈینگی کیسز میں 40 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ اعداد و شمار، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کو پیر کے روز سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں پیش کیے گئے۔

جس میں تمام ڈویژنل کمشنرز،انتظامی سیکرٹریز، محکمہ صحت سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے ڈینگی وائرس کی روک تھام بارے میں ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے خلاف روک تھام کی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مچھر مارسپرے مہم کے حوالے سے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے جبکہ مقامی سطح پر ڈینگی وائرس سے متعلق آگہی دینے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کو ڈینگی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کہ گزشتہ ہفتے کی نسبت ڈینگی وائرس کے کیسز میں چالیس فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ صوبے بھر میں متاثرہ افراد کے علاج معالجے کے لیے بہترین صحت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ رواں سال پشاور اور نوشہرہ میں ڈینگی کیسز دیگر اضلاع کی نسبت زیادہ ہیں جبکہ کچھ اضلاع میں یہ وباء مکمل طور پر قابو میں رہی۔

ڈینگی کی روک تھام بارے اجلاس میں چیف سیکرٹری کاظم نیاز کو بتایا گیا کہ پشاور میں گزشتہ ہفتے کے دوران 11550 گھروں میں مچھر مار کاروائیاں کی کی گئیں۔ جبکہ جہاں کہیں سے ڈینگی کیسز یا مچھروں کی بہتات سے متعلق اطلاع دی جاتی ہے تو متعلقہ حکام بروقت پہنچ کر کارروائی کرتے ہیں۔