پاکستان کی آئی ٹی برآمدات آئندہ سال 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف ہے،شزا فاطمہ

رواں سال حکومت 10 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مفت تربیت فراہم کر رہی ہی: وفاقی وزیر آئی ٹی

بدھ 15 اکتوبر 2025 19:40

پاکستان کی آئی ٹی برآمدات آئندہ سال 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو آئندہ سال تک 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی میں پاکستان مشنز برائے یو اے ای نے وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن ، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے ‘‘پاکستان ٹیک ایوننگ’’ کے عنوان سے تقریب منعقد کی۔

اس تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 3.8 ارب ڈالر رہیں جب کہ آئندہ سال تک 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، خاص طور پر سب میرین کیبلز اور ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے سلسلے میں پیش رفت ہورہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال حکومت 10 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مفت تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ ملک میں ڈیجیٹل ہنر اور برآمدی استعداد کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر سفیرِ پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان جدت، سرمایہ کاری اور عالمی تعاون کے ذریعے اپنی آئی ٹی برآمدات کو موجودہ 4 ارب ڈالر سے بڑھا کر 100 ارب ڈالر تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔