سپیکر قومی اسمبلی کی ایم این اے مبارک زیب کے گھر پر حملے کی مذمت

جمعرات 16 اکتوبر 2025 11:22

سپیکر قومی اسمبلی  کی ایم این اے  مبارک زیب کے گھر پر حملے کی مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی مبارک زیب کے گھر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تمام اہل خانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ جمعرات کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ حملے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نےمبارک زیب سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ عوامی نمائندوں پر حملے جمہوریت اور آئین کی روح کے منافی ہیں۔سپیکر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرنے اور سکیورٹی اداروں کو واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت کی۔سپیکر نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عوامی نمائندوں اور ان کے اہل خانہ کی سکیورٹی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ہمیں برداشت، رواداری اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ریاست ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لائے جو انتشار اور عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں۔