سانحہ مہران ٹائون فیکٹری کیس ،6ملزمان کی درخواست ضمانت،9کی عبوری ضمانتوں میں توثیق سے متعلق فیصلہ محفوظ

پیر 18 اکتوبر 2021 22:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) سانحہ مہران ٹائون فیکٹری کیس میں اہم پیشرفت، مقامی عدالت نے 6 ملزمان کی درخواست ضمانت جبکہ 9 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توثیق سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ کراچی سٹی کورٹ میں سیشن عدالت شرقی کے روبرو مہران ٹان کیس میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ وکیل صفائی نے موقف دیا 9 لوگوں نے ملزمان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں کی۔

عدالت نے استفسار کیا ان لوگوں کی رضامندی کی قانونی کیا حیثیت ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ہر جرم اسٹیٹ کیخلاف ہوتا ہے۔ اسٹیٹ خود مدعی ہے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ ملزمان کی درخواست ضمانت پر متاثرین کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ فیکٹری مالک کے وکیل ملزم علی حسن میتحا نے 9 متاثرین کے راضی نامے عدالت میں جمع کرا دیئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آگ غفلت کی وجہ سیلگی غفلت کا آغاز گھر کو فیکٹری کیلئے کرایے پر دینے سے شروع ہوئی۔

عدالت نے تفتیشی افسر پر اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ نے چالان میں ملزمان کے نام کے بجائے عہدے کیوں لکھے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے آپ نے کے الیکٹرک کے جنرل منیجر کا نام کیوں نہیں لکھا۔ آپ نے ہیڈ آف نیو کنیکشن کے الیکٹرک کا بھی نام نہیں لکھا۔ عدالت نے 6 ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب 9 سرکاری افسران کی عبوری ضمانت میں توثیق کی درخواستوں پر بھی فیصلہ محفوظ کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے تمام ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ 22 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔ فیکٹری مالک علی حسن میتحا، منیجر عمران زیدی سمیت 6 ملزمان جیل میں ہیں۔