وزیر خارجہ کی ترکمانستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات،دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار

پاکستان،برادر ملک ترکمانستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، شاہ محمود قریشی

بدھ 27 اکتوبر 2021 22:51

وزیر خارجہ کی ترکمانستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات،دو طرفہ تعاون کو مزید ..
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) افغانستان کے پڑوسی ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تہران میں ترکمانستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ رشید میردوف سے ملاقات کی جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کا احاطہ کیا اور دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان،برادر ملک ترکمانستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ تاپی (TAPI) سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد خطے میں مضبوط اقتصادی ترقی کا باعث بنے گا۔ملاقات میںدونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ کو اپنے حالیہ دورہ کابل اور افغانستان کی مخدوش اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پرامن اور مستحکم افغانستان سے افغانستان کے پڑوسی ممالک بہت زیادہ مستفید ہوں گے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ترکمانستان نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ رشید میردوف نے علاقائی نقطہ نظر کی تشکیل کا اولین قدم اٹھانے پر وزیر خارجہ قریشی کا شکریہ ادا کیادونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کے حوالے سے قریبی ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس کے انعقاد کو سراہا۔