ایشیا کی تاریخ میں منشیات کی سب سے بڑی برآمدگی

DW ڈی ڈبلیو جمعرات 28 اکتوبر 2021 19:40

ایشیا کی تاریخ میں منشیات کی سب سے بڑی برآمدگی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 28 اکتوبر 2021ء) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے جمعرات اٹھائیس اکتوبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ ایشیا میں کسی بھی کارروائی میں آج تک قبضے میں لیے گئے غیر قانونی نشہ آور مادوں کی سب سے بڑی مقدار ہے۔ اس امر کی اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بھی تصدیق کر دی۔

ڈارک نیٹ پر غیر قانونی تجارت: کئی ممالک میں چھاپے، گرفتاریاں

یہ منشیات جنوبی مشرقی ایشیا کے مقابلتاﹰ بہت تھوڑی آبادی والے ملک لاؤس میں برآمد کی گئیں، جنہیں بیئر ٹرانسپورٹ کرنے والے ایک ٹرک میں چھپایا گیا تھا۔

ایشیا میں منشیات کی اسمگلنگ کا گیٹ وے لاؤس

اقوام متحدہ کے منشیات اور جرائم کی روک تھام کے دفتر یو این او ڈی سی کے علاقائی نمائندے جیریمی ڈگلس نے بنکاک میں بتایا کہ یہ منشیات لاؤس میں بدھ ستائیس اکتوبر کو رات گئے پکڑی گئیں۔

(جاری ہے)

ان میں 55.6 ملین میتھ گولیاں اور 1537 کلو گرام کرسٹل میتھ شامل ہیں۔

جرمنی میں گانجے اور کوکین کے استعمال میں اضافہ

طالبان کے افغانستان میں، افیون کی قیمتیں آسمان پر

جیریمی ڈگلس نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں لاؤس ایشیا بالخصوص جنوب مشرقی ایشیا میں منشیات کی اسمگلنگ کے لیے گیٹ وے بن چکا ہے۔

خاص طور پر میانمار کی بدامنی کی شکار ریاست شان سے تھائی لینڈ اور اس سے بھی آگے دیگر ممالک تک منشیات کی اسمگلنگ کے لیے لاؤس کلیدی اہمیت کا حامل ملک ہے۔

بین الاقوامی منڈی میں مالیت کروڑوں ڈالر

منشیات کی بین الاقوامی بلیک مارکیٹ میں قبضے میں لے لیے گئے ان نشہ آور مادوں کی مجموعی مالیت کروڑوں ڈالر بنتی ہے۔ لاؤس پولیس نے یہ منشیات ملک کے شمالی صوبے بوکیو میں ایک ایسے ٹرک سے برآمد کیں، جس پر بظاہر بیئر کے کریٹ لدے ہوئے تھے۔

لاؤس کے اس صوبے کی سرحدیں میانمار اور تھائی لینڈ دونوں سے ملتی ہیں۔

منشیات کی تیاری: ڈچ پولیس نے سب سے بڑی فیکٹری کا پتہ چلا لیا

اقوام متحدہ کے منشیات اور جرائم کی روک تھام کے دفتر کے علاقائی نمائندے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ان منشیات کی مقدار اتنی زیادہ ہے کہ یہ پچھلے پورے سال کے دوران لاؤس میں پکڑی گئی میتھ گولیوں کی تعداد کا تین گنا بنتی ہے۔

منشیات کا کاروبار: یونانی پادری کا سات بشپس پر تیزاب سے حملہ

اس کے علاوہ جس تقریباﹰ 1540 کلو گرام کرسٹل میتھ کو بھی پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا، وہ لاؤس میں گزشتہ برس ضبط کی گئی کرسٹل میتھ کی مقدار کے تقریباﹰ ایک تہائی کے برابر ہے۔ پولیس نے ان منشیات کو قبضے میں لینے کے علاوہ دو افراد کو گرفتار بھی کر لیا۔

منشیات کی 'سنہری مثلث‘

لاؤس میں جس علاقے سے پولیس نے یہ منشیات برآمد کیں، وہ اس خطے میں تین ممالک کی سرحدیں آپس میں ملنے اور منشیات کی بہت زیادہ اسمگلنگ کی وجہ سے 'سنہری مثلث‘ کہلاتا ہے۔

اسی 'گولڈن ٹرائی اینگل‘ کے راستے ہر سال مجموعی طور پر کیمیائی طور پر تیار کردہ اربوں ڈالر مالیت کی منشیات اسمگل کی جاتی ہیں۔

پاکستانی نوجوانوں میں کرسٹل میتھ کے استعمال میں اضافہ کیوں؟

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ لاؤس میں اتنی بڑی مقدار میں منشیات پکڑے جانے کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس کے فوری بعد بنکاک اور کئی دیگر بڑے ایشیائی شہروں میں ان نشہ آور گولیوں اور کرسٹل میتھ کی قیمتیں بہت زیادہ ہو گئیں۔

م م / ع ب (اے ایف پی)