لاہور کی فضاء سانس لینے کیلئے انتہائی خطرناک قرار

جمعہ کے روز شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 424 کی خوفناک سطح تک پہنچ گیا، کوٹ لکھپت کے علاقے میں اے کیو آئی 680 ریکارڈ کیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 نومبر 2021 19:57

لاہور کی فضاء سانس لینے کیلئے انتہائی خطرناک قرار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 نومبر2021ء) لاہور کی فضاء سانس لینے کیلئے انتہائی خطرناک قرار، جمعہ کے روز شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 424 کی خوفناک سطح تک پہنچ گیا، کوٹ لکھپت کے علاقے میں اے کیو آئی 680 ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور بدستور پہلے نمبر پر ہے، جبکہ شہر کا ائیرکوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے۔

محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے جارہ کردہ ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہورکے مختلف علاقوں میں ائیرکوالٹی انڈیکس خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے، شہر کی فضا انتہائی آلودہ ہے اور جمعہ کے روز ائیر کوالٹی انڈیکس 424 ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں سب سے زیادہ ائیر کوالٹی انڈیکس کوٹ لکھپت میں 680، ماڈل ٹاون 565، ٹاؤن شپ440، انارکلی 481، ٹھوکر نیاز بیگ394 ،ڈی ایچ اے فیز ایٹ 447، ٹھوکر نیاز بیگ 440، گلبرگ میں 652 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ پنجاب کے شہروں میں لاہور کے بعد سب سے زیادہ گوجرانوالہ 413، بہاولپور 392، ساہیوال میں 340 اور رائیونڈ میں 296 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سموگ پر قابو پانے کے لئے متعلقہ محکموں اور اداروں کو موثر اقدامات کا حکم دیا ہے۔ وہ آج وزیر اعلی آفس میں سموگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے سموگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سموگ پر قابو پانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کروں گا-انہوں نے ہدایت کی کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف موثر انداز میں بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے- ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف قانون کے تحت ایکشن لیا جائے اور ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کو سیل کر کے جرمانے بھی کئے جائیں -انہوں نے کہا کہ شہر میں رو زانہ کی بنیاد پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کی خریداری کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں -وزیر اعلی عثمان بزدار نے الیکٹرک بسوں کی خریداری سے متعلقہ امور میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بسوں کے حوالے سے جلد ازجلد حتمی پلان پیش کیا جائے -انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں کے خلاف بھرپورکارروائی کی جائے-محکمہ تحفظ ماحول، زراعت، صنعت،ٹرانسپورٹ اورانتظامیہ کے افسران فیلڈ میں جا کر انسدادسموگ اقدامات کی خود مانیٹرنگ کریں۔

پنجاب میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے سموگ کو آفت قرار دیاگیا ہے۔ کوڑا کرکٹ کو جلانے کی پابندی کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی-کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کے واقعہ پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہو گی-انہوں نے کہا کہ کرشنگ پلانٹس کو اینٹوں کے بھٹوں کی طرح جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا-انہوں نے ہدایت کی کہ کرشنگ پلانٹس کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لئے جامع پلاننگ کی جائے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ دھان کی فصل کی کٹائی کیلئے ہارویسٹرکو ڈیوٹی فری کرنے کی تجویز وفاقی حکومت کو پیش کی جائے گی- پی ڈی ایم اے میں 24/7سموگ مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے - اینٹوں کے بھٹوں کی جیوٹیگنگ مکمل ہو چکی ہے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے سرکاری گاڑیوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی کی ہدایت کی اور کہا کہ محکموں کے سیکرٹریز گاڑیوں کی تعداد کم کر کے رپورٹ وزیر اعلی آفس جمع کرائیں - انہوں نے کہا کہ لاہور میں 5 اینٹی سموگ سکواڈ تشکیل دیئے ہیں اوراینٹی سموگ سکواڈ کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا - اجلاس میں وزیر اعلی عثمان بزدار کو محکموں کی جانب سے سموگ پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی-صوبائی وزیر تحفظ ماحول محمد رضوان، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،کمشنرلاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔