سیکرٹری ریلیف، ڈیزاسٹر مینجمنٹ و سول ڈیفنس شاہد ایوب کا دو روزہ دورہ نیلم،ڈپٹی کمشنر نے قدرتی آفات بارے تفصیلی بریفنگ دی

جمعرات 25 نومبر 2021 16:16

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2021ء)سیکرٹری ریلیف، ڈیزاسٹر مینجمنٹ و سول ڈیفنس شاہد ایوب کا دو روزہ دورہ نیلم۔دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نیلم نے قدرتی آفات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری ریلیف، ڈیزاسٹر مینجمنٹ و سول ڈیفنس نے دفتر سول ڈیفنس، DDMA اور 1122 ایمرجنسی سروسز کا معائنہ کیا اور شاردہ میں ایمرجنسی سروس یونٹ کے حوالے سے تحصیل شاردہ کا بھی دورہ کیا۔

ڈائریکٹر ایڈمن نعمان شفیق اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس صداقت میر بھی ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیلم ایک دور افتادہ اور مشکل ترین ضلع ہے جہاں آئے روز حادثات پیش آتے ہیں جن کا تدارک کیا جانا از حدضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان آفات سے نمٹنے کی تیاری کر رہے ہیں۔نیلم میں تین فائر ٹینڈر، ایک ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل اور دو ایمبولینسز فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔سیکرٹری ریلیف ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ و سول ڈیفنس شاہد ایوب نے ڈپٹی کمشنر نیلم کوایمرجنسی سروسز کو درپیش مسائل کو جلد ازجلد حل کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی ۔