پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے بلوچستان کی ہر شعبہ میں معاونت جاری رکھے گا،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

اتوار 28 نومبر 2021 00:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ پہنچے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور حزب اختلاف کے اراکین صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کو شرکاء کی جانب سے دورہ کوئٹہ پر خوش آمدید کہا گیا وزیراعلیٰ پنجاب نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے بلوچستان کی ہر شعبہ میں معاونت جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور بلوچستان کے عوام بھی پنجاب کو اپنا گھر سمجھیں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور عوامی نمائندوں کو پنجاب میں ہمیشہ بھرپور عزت و احترام اور پیار ملے گاانہوں نے کہا کہ یہاں کے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی اسپتال بنا کر دینگے جبکہ روڈ اور دیگر سیکٹر ز میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب کی یونیورسٹیوں میں بلوچستان کی طالبات کے لئے مختص نشستیں دگنا کرنے دونوں صوبوں کی سرحد پر چیکنگ کے نظام کو آسان اور سہل بنانے اور بلوچستان کے صحت ورکرز کو پنجاب میں تربیت کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا اس موقع ہر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم نے مل کر پاکستان اور اپنے صوبوں کی خدمت کرنا ہے اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا جو موقع دیا اس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام صحت مواصلات تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں پنجاب کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے دور حکومت میں دونوں صوبوں کے مابین معاونت میں اضافہ ہوا ہے جس سے بین الصوبائی ہم آہنگی بھی بڑھ رہی ہے جسکا فائدہ ملک وقوم کو پہنچے گا۔