پاکستانی امپائر علیم ڈار کے سر پر گیند لگ گئی

پہلی اننگز کے 5ویں اوور میں فیلڈر نے دوسرے کھلاڑی کے پاس گیند پھینکی جو راستے میں آنیوالے علیم ڈار کے سر پر لگی،فیلڈنگ ٹیم کے کھلاڑی نےامپائر کے سر پر مالش کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 28 نومبر 2021 14:55

پاکستانی امپائر علیم ڈار کے سر پر گیند لگ گئی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 نومبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 10 لیگ میں جاری میچ کے دوران امپائر علیم ڈار کے سر پر گیند لگ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق امپائر علیم ڈار کے ساتھ یہ حادثہ چنئی بریوز اور ناردرن واریئرز کے میچ کے دوران پیش آیا جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔ پہلی اننگز کے پانچویں اوور میں فیلڈر نے دوسرے کھلاڑی کے پاس گیند پھینکی جو راستے میں آنے والے علیم ڈار کے سر پر لگی ۔

گیند لگتے ہی فیلڈنگ کرنے والی ٹیم کے کھلاڑی آئے اور امپائر کے سر پر مالش کی، حادثے میں علیم ڈار زخمی ہونے سے بچ گئے۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے 20ویں میچ میں بنگلا ٹائیگرز نے چنئی بریوز کو 9 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کردیا، ٹائیگرز نے 90 رنز کا ہدف یکطرفہ مقابلے کے بعد چھٹے اوور میں ہی حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

حضرت اللہ زازئی 46 اور جانسن چارلس 30 رنزبنا کرنمایاں رہے، رومن واکر نے ایک وکٹ حاصل کی، مزید کوئی بولر وکٹ نہ لے سکا۔

اس سے قبل بریوز پہلے کھیل کر4 وکٹوں پرصرف 89 رنز تک محدود رہی تھی، محمد شہزاز 32 اور مارک ڈیال 28 رنز بناسکے تھے۔ بنگلا ٹائیگرز کی جانب سے فلیچر نے دو، ووڈ اور قیس احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔