ٹرافی چاہیے تو تقریب منعقد کرتے ہیں، اس میں وصول کر لیں ، اے سی سی کا بی سی سی آئی کو جوابی خط

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کی ٹرافی کیلئے محسن نقوی کو خط لکھا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 اکتوبر 2025 13:38

ٹرافی چاہیے تو تقریب منعقد کرتے ہیں، اس میں وصول کر لیں ، اے سی سی کا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2025ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کی ٹرافی کے لیے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کو خط لکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے بی سی سی آئی کے خط کا جواب دے دیا ہے۔ اے سی سی نے بی سی سی آئی کو جوابی خط میں کہا ہے کہ ٹرافی چاہیے تو تقریب منعقد کرتے ہیں، اس میں وصول کر لیں۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹرافی کی تقریب نومبر کے پہلے ہفتے میں کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے بھارتی بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے، ایشین کرکٹ کونسل نے نومبر کے پہلے ہفتے کا وقت دیا ہے، ایشیا کپ کی ٹرافی دینے کی تقریب دبئی میں ہو گی۔ واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں بکھیر دی تھیں، ایشیا کپ جیتنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی نے اے سی سی کو باضابطہ طور پر ٹرافی نہ لینے کے بارے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد ٹرافی میدان سے واپس منگوا لی گئی تھی۔ مودی سرکار اور بھارتی بورڈ کے اکسانے پر بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کے سامنے محسن نقوی بھی ڈٹ گئے تھے اور بھارتی ہٹ دھرمی قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ وہ اسٹیج پر موجود رہے، رنر اپ ٹیم کو انعامات دیے جبکہ تقریب ٹرافی دیے بغیر ہی ختم کر دی گئی تھی۔