پنڈی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 333 رنز پر آؤٹ، جنوبی افریقا نے 4 وکٹوں پر 185 رنز بنالیے

ٹریسٹیان سٹبز اور ڈی زورزی کی نصف سنچریاں ، آصف آفریدی کی 2 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 اکتوبر 2025 17:06

پنڈی ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 333 رنز پر آؤٹ، جنوبی افریقا نے 4 وکٹوں پر 185 رنز ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2025ء ) راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ جنوبی افریقا نے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنالیے۔ پاکستان کے 333 رنز کے جواب میں جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایڈن مارکرم اور ریان ریکلٹن نے کیا تاہم 22 کے مجموعے پر ریکلٹن 14 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایڈن مارکرم تھے جو 32 رنز بنا کر ساجد خان کا شکار بنے۔ پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو سعود شکیل 42 اور آغا سلمان 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور سعود شکیل نے اپنی ففٹی مکمل کی، سلمان علی آغا 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل بھی 66 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

شاہین آفریدی، ساجد خان اور آصف آفریدی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور تینوں کو کیشوو مہاراج نے اپنا شکار بنایا جبکہ نعمان علی 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کیشوو مہاراج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں سائمن ہارمر اور ایک وکٹ ربادا کے حصے میں آئی۔ پہلے روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود 87 جبکہ عبداللہ شفیق 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔ پاکستان نے لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دی تھی۔