لاہور، خانیوال ضمنی انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے پنجاب حکومت فول پروف اقدامات کریگی ‘وزیر قانون

لاہور کے ضمنی انتخاب کے موقع پر پولیس کیساتھ رینجر ز اہلکار بھی حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے‘ راجہ بشارت

منگل 30 نومبر 2021 22:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) وزیر قانون و کوآپریٹوز پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ لاہور اور خانیوال میں ضمنی انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے پنجاب حکومت فول پروف اقدامات کریگی ۔ وہ اپنی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کے 88 ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس میں این اے 133 لاہور اور پی پی 206 خانیوال میں ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میںآئی جی پنجاب ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشن، کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہور اور الیکشن کمیشن کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب اور ڈی سی و ڈی پی او خانیوال نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

راجہ بشارت نے مزید کہا الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے دوران ضلعی انتظامیہ کے افسران الیکشن کمیشن حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور پولنگ بوتھ تک انتخابات کے سامان کی ترسیل مکمل سیکیورٹی کے ساتھ کی جائے۔

انہوں نے جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کو ہدایت کی کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے قبائلی علاقوں میں امن وامان کو یقینی بنائیں۔قبل ازیں افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر موثر انتظامات کے لیے کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے۔ لاہور میں کل 254 پولنگ اسٹیشنوں پر 4 ہزار پولیس کی نفری اور 730 رینجرز ڈیوٹی دیں گے جبکہ ووٹرز اور عملے کی حفاظت کے لیے ریسکیو سروس، سول ڈیفنس اور میڈیکل ایڈ کا عملہ بھی الرٹ رہے گا۔کابینہ کمیٹی نے جنوبی پنجاب کی پولیس کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری بھی دی۔