جمعیت علماء اسلام سکھر کا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سکھر ریجن میں ڈائریکٹر کی عدم تعیناتی اور پراپرٹی رجسٹریشن کیلئے سب رجسٹرار کی عدم تعیناتی پر تحفظات کا اظہار

منگل 30 نومبر 2021 23:07

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2021ء) جمعیت علماء اسلام ضلع سکھر کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد صالح انڈھڑ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سکھر ریجن میں ڈائریکٹر کی عدم تعیناتی اور پراپرٹی رجسٹریشن کیلئے سب رجسٹرار کی عدم تعیناتی پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دس ماہ سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سکھر ریجن میں ریجنل ڈائریکٹر تعینات نہ ہونے کی وجہ سے سکھر سے منظوری کیلئے نقشہ جات کراچی روانہ کئے جاتے ہیں جو تاخیر کا سبب بن رہے ہیں اور شہریوں کو کئی بار دفاتروں کے چکر لگانا پڑتا ہے جو لمحہ فکریہ بنتا جا رہا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا سکھر سے پریس ترجمان قاری لیاقت علی مغل کے جاری کردہ بیان میں مولانا محمد صالح انڈھڑ نے مزید کہا کہ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پراپرٹی رجسٹریشن کیلئے دو ماہ سے سب رجسٹرار تعینات نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو نقشہ جات کی منظو ری کیلئے شدید مشکلات اٹھانا پڑ رہی ہے اورشہریوں کو اپنی املاک کی رجسٹریشن کرانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مولانا محمد صالح انڈھڑ نے وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر بالا حکام سے سکھر میں سندھ بلڈنگ کنٹرو ل اتھارٹی سکھر ریجن میں ریجنل ڈائریکٹر ، سب رجسٹرار کی عدم تعیناتی کا نوٹس لیکر فی الفور دونوں ڈپارٹمنٹ میں افسران کی تعیناتی کا پرزور مطالبہ کیا ہے کہ تاکہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے مزید پریشانی و مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہریوں کو بنیادی حقوق فراہم ہو سکے ۔