لڑکی کی نازیبا ویڈیو بناکر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم نے لڑکی کو بلیک میل کرکے 3 لاکھ روپے بھی وصول کیے، ایف آئی اے

بدھ 1 دسمبر 2021 17:04

لڑکی کی نازیبا ویڈیو بناکر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار
منڈی بہائو الدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2021ء) ایف آئی اے نے منڈی بہاوالدین میں کاروائی کرکے لڑکی کو نازیبا ویڈیوز بناکر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق سائبر کرائم ونگ نے گوجرانوالہ کے علاقے منڈی بہاوالدین میں کارروائی کرکے لڑکی کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا، ملزم نے لڑکی کی نازیبا ویڈیوز بنارکھی تھیں اور وہ اسے بلیک میل کرکے پیسے بٹور رہا تھا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کے مطابق اٹلی میں مقیم ملزم عمر حیات کی بہاؤالدین کی رہائشی لڑکی سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی، ملزم لڑکی سے ملنے پاکستان آگیا اور شادی کا جھانسہ دے کر اس کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنائیں، اور بعد میں لڑکی کو بلیک میل کرکے 3 لاکھ روپے بھی وصول کیے، تاہم جب اس نے مزید 5 لاکھ روپے کا تقاضا کیا تو لڑکی نے گھر والوں کو بتا دیا، جس پر گھر والوں نے ایف آئی اے سے رابطہ کیا، اور ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جارہی ہیں۔