پاکستان سنی تحریک کا مکہ معاہدے کا خیرمقدم

اسلامی ممالک کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، مسلم حکمران اختلافات ختم کرکے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں، ثروت اعجاز قادری

منگل 11 اگست 2026 20:20

پاکستان سنی تحریک کا مکہ معاہدے کا خیرمقدم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر ثروت اعجاز قادری نے مکہ معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد، اتفاق اور باہمی تعاون وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اسی صورت ممکن ہے جب مسلم ممالک باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ مفادات اور امت کے وسیع تر مفاد میں متحد ہوں۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے پاکستانی حکمرانوں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، پاکستان کو مسلم ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے اور باہمی اعتماد کی فضا قائم کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھنا چاہیے۔ مکہ معاہدہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی جانب ایک مثبت قدم ہے، تاہم اسے عملی اقدامات کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان اختلافات اور دراڑیں پیدا کرنے والی قوتوں کو اب پوری امت مسلمہ پہچاننے لگی ہے، دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کسی ایک ملک کی طاقت سے نہیں بلکہ اتحاد، اخوت اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔ مسلم حکمران باہمی اختلافات ختم کرکے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں اور اسلامی ممالک کے معاشی، دفاعی اور سفارتی مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین سمیت امت مسلمہ کو درپیش دیگر مسائل پر بھی مسلم ممالک کو مشترکہ اور مضبوط موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ہمیشہ مسلم امہ کے اتحاد اور اسلامی ممالک کے درمیان بھائی چارے کے فروغ کا داعی رہا ہے، اس لیے امت مسلمہ کو متحد کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ہر مثبت کوشش قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم حکمران وقتی اور باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر امت مسلمہ کے اجتماعی مفاد کو ترجیح دیں، یہی وقت کا تقاضا اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ پاکستان سنی تحریک امت مسلمہ کے اتحاد، اسلامی ممالک کے باہمی تعاون اور ہر مثبت اقدام کی بھرپور حمایت کرے گی۔