وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میتلیسا کی ملاقات

بیلاروس کے سفیر آندرے میتلیسا نے پاکستان باالخصوص وزارتِ انسانی وسائل و اوورسیز کے تعاون کو سراہتے ہوئے افرادی قوت اور روزگار کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 21 اگست 2026 16:02

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میتلیسا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست2026ء) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میتلیسا نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعاون، خصوصاً پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لیے بیلاروس میں روزگار کے مواقع اور براہِ راست روزگار کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلۂ خیال۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا، جو پاکستانی ورکرز کے لیے براہِ راست روزگار کے عمل کو آسان بنانے، ضروری امور اور قانونی تقاضوں کو حل کرنے، روزگار کے عمل کو تیز کرنے، یورپ میں غیر قانونی داخلہ کی روک تھام اور غیر قانونی ذرائع سے بیلاروس جانے کے رجحان کی روک تھام میں معاونت کرے گا، تاکہ پاکستانی ورکرز قانونی طریقے سے بیلاروس جا کر وہیں روزگار حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)


چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان کے پاس مختلف شعبوں میں بڑی تعداد میں ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت موجود ہے، جسے عالمی روزگار کی منڈیوں تک بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ پاکستانی ورکرز کے حقوق اور فلاح و بہبود کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔بیلاروس کے سفیر آندرے میتلیسا نے پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے افرادی قوت اور روزگار کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔